1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال کا کنفيڈریشن کپ، سترہ جون سے شروع

عابد حسین
16 جون 2017

فٹ بال کا انتہائی اہم بین الاقوامی ٹورنامنٹ کنفیڈریشن کپ ہفتہ سترہ جون سے شروع ہو رہا ہے۔ کنفیڈریشن کپ کو عالمی کپ کا سرنامہ قرار دیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2en7p
Russland Vorbereitung FIFA Confederations Cup 2017 in Moskau
تصویر: picture-alliance/dap/A. Denisov

سن 2018 میں فٹ بال کا ورلڈ کپ روس کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے۔ کل سترہ جون سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کو عالمی کپ کا اولین باب خیال کیا جاتا ہے۔ اس میں ورلڈ کپ کے ميزبان اور چيمپئن ملک کی ٹيموں کے علاوہ علاقائی فيفا کنفيڈريشن کپ کی فاتح چھ ٹيميں شامل ہوتی ہيں۔ ان میں میکسیکو، روس، جرمنی، چلی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پرتگال اور کیمرون شامل ہیں۔ ان ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جرمنی پول اے میں ہے۔

اگلے برس کے ورلڈ کپ کے مختلف میچز روس کے گیارہ شہروں میں کھیلیں جائیں گے لیکن کفیڈریشن کپ کا انعقاد آٹھ شہروں میں ہو گا۔ ان شہروں میں سینٹ پیٹرزبرگ، ماسکو، کازان اور سوچی شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ روس کے ایک بڑے اور اہم شہر سینٹ پیٹرز برگ میں دو جولائی کو کھیلا جائے گا۔ سترہ جون کو ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ روس اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا۔

2017 FIFA Confederations Cup Fahne Logo
اس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ روس کے ایک بڑے اور اہم شہر سینٹ پیٹرز برگ میں دو جولائی کو کھیلا جائے گاتصویر: picture-alliance/Tass/dpa/P. Kovalev

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد سے روس عالمی برادری اور فٹ بال کھیل کے عالمی نگران ادارے فیفا پر یہ ظاہر کر سکے گا کہ اُس نے فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد کی تمام تیاریاں بھرپور انداز میں مکمل کر لی ہیں۔ اسی طرح روسی منتظمین بھی اقوام عالم کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ روس کا اسپورٹس انفراسٹراکچر مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔

کنفیڈریشن کپ کے انعقاد کے موقع پر روسی حکومت اور منتظمین نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ماسکو حکومت کی کوشش ہے کہ کنفیڈریشن کپ اور عالمی کپ کے دوران سلامتی کے انتظامات میں کوئی دراڑ پیدا نہ ہو سکے۔ اس کے لیے اضافی دستوں کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔

اس ٹورنامنٹ کے دوران فیفا نے نسلی تعصب کی حوصلہ شکنی کے لیے مختلف اقدامات تجویز کیے ہیں۔ شائقین کی جانب سے ایسی آوازيں کسنے پر میچ ریفری کچھ وقت کے لیے میچ کو روک سکنے کا مجاز ہو گا۔ اگر شائقین کے رویے میں تسلسل پایا گیا تو اُن سے باقاعدہ درخواست کی جائے گی کہ وہ ایسا کرنے سے اجتناب کریں اور آخری اقدام میں میچ منسوخ کر دیا جائے گا۔