1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بک پر مودی جیسے کوئی راک اسٹار

عاطف توقیر28 ستمبر 2015

مارک زوکربرگ کے ہمراہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اتوار کے روز فیس بک پر یوں دکھائی دیے، جیسے کوئی راک اسٹار۔ انہوں نے اس موقع پر سوشل میڈیا کی سیاسی طاقت کی وکالت کی۔

https://p.dw.com/p/1GeVu
تصویر: picture-alliance/Zuma Press

کیلی فورنیا میں واقع سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے ہیڈکوارٹرز میں ایک غیر رسمی انداز میں مارک زوکربرگ نے مودی کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر محدود تعداد میں حاضرین مدعو کیے گئے تھے۔

اس موقع پر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک کے بانی زوکربرگ نے کہا کہ وہ فیس بک کی تخلیق کے ابتدائی ایام میں بھارت گئے تھے، کیوں کہ انہیں اس کے لیے اپیل کے بانی اور ان کے گرو سٹیو جابز نے کہا تھا۔ انہوں نے وہاں یہ دیکھا کہ لوگ کس طرح ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا، ’دنیا بھر کے رہنماؤں کے لیے پیغام یہ ہے کہ آپ کو سوشل میڈیا سے بھاگ کر کچھ حاصل نہیں ہو گا۔‘

Indien Narendra Modi macht ein Selfie in Ahmedabad
65 سالہ مودی، جن کے فیس بک صفحے کے 30 ملین فینز ہیںتصویر: picture alliance/AA/M. Aktas

ان کا مزید کہنا تھا، ’آج سوشل میڈیا کی طاقت یہ ہے کہ وہ حکومتوں کو یہ بتا سکتی ہے کہ وہ کہاں غلطی کر رہی ہیں اور انہیں موقع میسر آتا ہے کہ وہ ان غلطیوں کی درستی کر لیں۔‘

65 سالہ مودی، جن کے فیس بک صفحے کے 30 ملین فینز ہیں اور وہ دن میں کئی مرتبہ ٹوئٹر پر پیغام پوسٹ کرتے ہیں، نے کہا، ’آپ کو فائدہ اس سے جڑنے ہی میں ملے گا۔ آپ کو فوری معلومات اسی صورت میں مل سکتی ہے۔‘

مودی نے اپنی قریب اس ایک گھنٹے کی بات چیت میں ڈیجیٹل انڈیا ڈرائیو کے خیال اور بھارت میں سیاحت کے فروغ، سرمایہ کاری کے موقع اور ٹیکنالوجی کی صنعت کے لیے مواقع کا ذکر کیا۔

اس موقع پر ایک مقام ایسا بھی آیا، جب مودی اپنی والدہ کا ذکر کرتے کرتے آبدیدہ ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سوچنا بھی مشکل ہے کہ ایک چائے بیچنے والا دنیا کی سب سے بڑی جمہوریہ کا وزیراعظم ہے۔‘