1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیشن انڈسٹری کی تمام تر توجہ میگھا متل پر

6 نومبر 2009

میگھا متل نے فیشن ملبوسات تیار کرنے والے لیکن مالیاتی بحران کے شکار جرمن ادارے ایسکاڈا کو خرید کر فیشن انڈسٹری کی تمام تر توجہ حاصل کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/KQLr
ایسکاڈا کی نئی سربراہ میگھا متلتصویر: picture alliance / dpa

میگھا اور ان کے شوہر ادیتیہ متل دنیا کے سب سے بڑے سٹیل گروپ کے ڈائریکٹرز ہیں۔ ادیتیہ لکشمی متل کے اکلوتے صاحبزادے ہیں، جو کہ متل سٹیل نامی گروپ کے سربراہ بھی ہیں۔

ایسکاڈا کے ملازمین نے متل خاندان کی اکلوتی بہو کو اپنی کمپنی کی نئی مالکہ کے طور پر کھلے ہاتھوں خوش آمدید کہا ہے۔

جنوبی جرمن شہر میونخ میں ایسکاڈا کے ہیڈکوارٹرز میں اس کمپنی کی ورکس کمیٹی کی سربراہ اُرسلا ڈرائر کے ہمراہ ایسکاڈا کے بہت سے ملازمین نے اس فیصلے کے اعلان کے بعد بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔

Flash - Galerie ESCADA 2
ایسکاڈا انتہائی مہنگے اور فیشنل ایبل ملبوسات کے حوالے سے بین الاقوامی طور پر پہچانا جانے والا برانڈ ہےتصویر: AP

متل خاندان کے ایک ترجمان کے مطابق امریکی سرمایہ کاری بینک گولڈمین ساکس اور پرچیزنگ سٹڈیز اِن آرکیٹیکچر میں خدمات سرانجام دینے کے بعد 33 سالہ میگھا متل گزشتہ اٹھارہ ماہ سے فیشن کی دنیا سے وابستگی کی خواہشمند تھیں اور ایسکاڈا کی خرید کے ساتھ ان کی یہ شدید خواہش پوری ہو گئی ہے۔

میگھا نے امریکہ میں وارٹن بزنس سکول میں تعلیم حاصل کی اور وہیں ان کی ملاقات ادیتیہ متل سے ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں نے رشتہ ازدواج میں بندھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ میگھا متل کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ وہ فیشن کی صنعت کے حوالے سے زیادہ تجربہ کار نہیں ہیں، تاہم وہ خود کہتی ہیں کہ وہ بھارت میں فیشن انڈسٹری سے وابستہ کئی اہم شخصیات اور اداروں کو جانتی ہیں، جنہیں وہ آئندہ اپنی نئی کمپنی سے منسلک کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

فولاد سازی کی صنعت میں دنیا کے سب سے بڑے گروپ کا مالک بھارتی نژاد متل خاندان سٹیل انڈسٹری کے ساتھ ساتھ کافی عرصے سے ٹیکسٹائل سیکٹر میں بھی دلچپسی لے رہا ہے۔ ایسکاڈا کی خرید کے بعد اب یہ خیال بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میگھا متل عنقریب ہی اطالوی فیشن ہاؤس Gianfranco Ferre میں بھی بڑی سرمایہ کاری کرنے والی ہیں۔

جرمن برانڈ ایسکاڈا بہت مہنگے اور انتہائی فیشن ایبل ملبوسات کی تیاری کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم نام تصور کیا جاتا ہے۔ تاہم کہا جا رہا ہے کہ میگھا متل ایسکاڈا کے سابق چیف ایگزیکٹو برُونو زَیلسر کی پرانی حکمت عملی اپناتے ہوئے ’گلیمر‘ کا خیال تو رکھیں گی، لیکن قدرے کم قیمت ملبوسات بھی متعارف کروا سکتی ہیں۔

زَیلسر نے ماضی میں اسی حکمت عملی کے تحت اپنی ایک حریف جرمن کلودنگ کمپنی ہُوگو بوس کا کامیابی سے مقابلہ کیا تھا۔

متل خاندان کے ترجمان کے بقول میگھا سمجھتی ہیں کہ وہ اس کمپنی کو بہتر طور پر چلا سکتی ہیں۔ ’’میگھا کمپنی کے انتظامی بورڈ میں بیٹھ کر کمپنی کے نام اور کام دونوں کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گی۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک