1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیصل کا ایکشن، تارکین وطن پاکستانیوں پر ری ایکشن

6 مئی 2010

نیو یارک کے ٹائم سکوائر پر کار بم حملے کی سازش کا اعتراف کرنے والے پاکستانی نژاد امریکی شہری فیصل شہزاد کی گرفتاری کے بعد امریکہ میں مقیم پاکستانی شہریوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/NFNA
ٹائمز سکوائر، نیو یارکتصویر: AP

پاکستانی تارکین وطن خوف کے سائے میں

مسلمانوں، بالخصوص پاکستانی مسلمانوں کی امریکی امگریشن کے مخالفین یہ خدشات ظاہر کر رہے ہیں کہ امریکہ میں بسنے والے ’’لاکھوں مسلمان تارکین وطن چلتے پھرتے ممکنہ ٹائم بم ہیں۔‘‘ کئی حلقوں کی طرف سے اب یہ مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں کہ مسلمانوں، خاص طور پر پاکستانی مسلمانوں کی امگریشن روکی جائے۔

واشنگٹن میں مقیم نامور پاکستانی صحافی انور اقبال کہتے ہیں کہ پاکستان میں سرگرم شدت پسندوں کے ساتھ فیصل شہزاد کے مبینہ رابطوں کے حوالے سے امریکہ میں بہت تشویش لاحق ہوگئی ہے۔ انور اقبال کے مطابق امریکہ میں جو لوگ مسلمانوں کی امگریشن کی مخالفت میں پیش پیش ہیں، وہ کہتے ہیں کہ شدت پسند کسی بھی وقت امریکہ میں مقیم مسلمانوں کو امریکہ کے خلاف حملے کرنے کے لئے قائل کر سکتے ہیں۔

New York Time Square Bombe
ٹائمز سکوائر، نیو یارک کی سازش میں مبینہ طور پر شامل فیصل شہزادتصویر: AP

امریکی ذرائع ابلاغ میں فیصل شہزاد کے شدت پسندوں کے ساتھ ممکنہ روابط کے تمام پہلوٴوں پر تبصرے کئے جا رہے ہیں۔ صحافی انور اقبال کے مطابق فیصل شہزاد کے ’لبرل بیک گراوٴنڈ‘ کے باوجود اس کے انتہا پسندوں کے ساتھ مبینہ روابط نے امریکی معاشرے اور میڈیا کو حیرت میں ڈال دیا۔’’بہت حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ایک آزاد خیال پس منظر کا آدمی فیصل شہزاد، انگلش میڈیم سکول کا پڑھا ہوا، اس کے والد ائیر وائس مارشل اور چچا میجر جنرل ، امریکہ آیا اور یہاں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور بہت اچھی ملازمت کر رہا تھا، ایسے شخص کا انتہا پسندی کی طرف رجحان واقعی باعث حیرت ہے۔‘‘ اقبال نے مزید بتایا:’’ بعض امریکی چینلز میں یہ تک کہا جا رہا ہے کہ مسلمانوں، خاص طور پر پاکستانیوں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔‘‘ ان کے مطابق امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن بہت تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔’’لوگوں میں خوف و ہراس ہے۔‘‘ انور اقبال نے یہ بھی بتایا کہ نیو یارک کے میئر مائیکل بلوم برگ نے لوگوں سے اپیل کی کہ سارے پاکستانیوں کو مورد الزام نہ ٹھہرایا جائے، پاکستانی کمیونیٹی دہشت گرد نہیں ہے بلکہ چند افراد دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل شہزاد کی گرفتاری کے بعد امریکی سکولوں میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کو زبردست مشکلات سامنا ہے۔’’سکولوں میں بچوں سے عجیب و غریب سوال کئے جا رہے ہیں، معاشرے میں تبصرے ہو رہے ہیں اور ایک عجیب سا ماحول بن گیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔‘‘

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عابد حسین