1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا نے ورلڈ کپ کی میزبانی کے لئے بولی دہندگان کی لسٹ جاری کر دی

خبر رساں ادارے18 مارچ 2009

عالمی فٹ بال فیڈریشن FIFA نے تصدیق کی ہے کہ گیارہ ممالک نے سن2018 اور سن 2022 کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹوں کی میزبانی کے لئے بولی میں شمولیت کی درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔

https://p.dw.com/p/HEyR
2014 کا ورلڈ کپ برازیل میں منعقد ہو گاتصویر: AP

نو ممالک نے سن2018 اور سن 2022 میں ہونے والے دونوں ٹورنامنٹوں کے لئے درخواستیں جمع کرائیں جب کہ دو ممالک نے صرف سن 2022 کے ورلڈ کپ کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی۔ بولی کے لئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ پیر 16 مارچ 2009 تھی۔

Logo Fussball WM 2010 Süd Afrika
جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے فٹ بال کپ کا آفیشل لوگو

انگلینڈ، روس، آسٹریلیا، امریکہ، جاپان، میکسیکو اور انڈونیشیا نے افرادی طور پر جب کہ پرتگال،سپین اور ہالینڈ، بیلجئیم نے مشترکہ طور پر دونوں ٹورنامنٹوں کی میزبانی کے لئے درخواستیں جمع کرائیں۔ قطر اور جنوبی کوریا نے صرف 2022 کے عالمی کپ کی میزبانی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

تمام گیارہ ملکوں کی جانب سے پہلے ہی اعلانات سامنے آ چکے تھے کہ وہ فٹ بال کے عالمی مقابلوں کو منعقد کرانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

اگلے مرحلے میں درخواست دہدنہ ممالک بولی کے معاہدے رواں برس دسمبر سے قبل فیفا کی 24 رکنی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سامنے پیش کریں گے۔ فیفا کی جانب سے میزبان ممالک کے بارے میں حتمی اعلان اگلے برس دسمبر میں کیا جائے گا۔

فٹ بال کی عالمی فیڈریشن کے صدر سیپ بلاٹر نے مقابلوں کے انعقاد میں دلچسپی ظاہر کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا’’ مجھے ان ممالک کی جانب سے مقابلوں کے انعقاد میں بھرپور دلچسپی پر خوشی اور مسرت کا احساس ہو رہا ہے۔‘‘

بلاٹر کا کہنا تھا کہ ان ممالک کے درمیان معیار اور تنوع مقبالوں کے لئے میزبانوں کے انتخاب کے عمل کو دلچسپ بنائیں گے۔

درخواست جمع کرانے والے ممالک میں انگلینڈ 1966، میکسیکو1970 اور 1986امریکہ 1994 اور سپین 1982 میں پہلے ہیعالمی فٹ بال کپ کا انعقاد کر چکے ہیں۔ جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ میزبان کے طور پر 2002 میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔

BdT Offizieller Fußball FIFA Confederations Cup Süd Afrika 2009
جنوبی افریقہ میں منعقدہعالمی کپ کا آفیشل فٹ بالتصویر: AP

عالمی فٹ بال کپ اگلے برس جنوبی افریقہ میں جب کہ 2014 کا ورلڈ کپ برازیل میں منعقد ہو رہا ہے۔ فیفا کے قواعد کے مطابق اسی وجہ سے افریقہ اور لاطینی امریکہ کے ممالک 2018 اور 2022 کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کے لئے بولی میں شریک نہیں ہو سکتے۔

فیفا کے قواعد کے مطابق کامیاب بولی دہندہ ملک کو کم از کم چالیس ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے بارہ سٹیڈیم پیش کرنے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی قواعد میں درج ہے کہ فائنل مقابلہ صرف اسی سٹیڈیم میں منعقد کیا جا سکتا ہے جس میں کم از کم 80 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ ہو۔