1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ:ساتواں دن ختم

18 جون 2010

فیفا ورلڈ کپ 2010ء کے ساتویں روز کے مقابلوں میں ارجنٹائن، یونان اور میکسیکو کی ٹیمیں جیت سے ہمکنار ہوئیں جبکہ جنوبی کوریا، نائیجیریا اورفرانس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

https://p.dw.com/p/Nu4c
ارجنٹائن کےکھلاڑی میسی ایکشن میںتصویر: AP

ان مقابلوں کے بعد ارجنٹائن کی اگلے مرحلے میں رسائی یقینی ہوگئی ہے جبکہ فرانس کو پہلے ہی راؤنڈ میں اس ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانے کا خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔

ارجنٹائن بمقابلہ جنوبی کوریا

17جون کا پہلا میچ ارجنٹائن اور جنوبی کوریا کے مابین ہوا، جس میں ڈیاگو میراڈونا کی کوچنگ میں ارجنٹائن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس میچ میں ارجنٹائن نے ایک کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل کی۔ سٹرائیکر گونزالو ہیگو نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک کی اور اس طرح وہ گزشتہ سولہ سالوں میں ارجنٹائن کی طرف سے ورلڈ کپ مقابلوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے۔ ان سے قبل گابریل باٹیسٹا نے امریکہ میں ہوئے 1994ء کے عالمی مقابلوں میں یونان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔ مڈفیلڈر لیونیل میسی نے ایک بار پھر شاندار کھیل پیش کرکے اپنی ٹیم کی جیت کا مزہ دوبالا کر دیا۔

WM Südafrika 2010 Griechenland vs Nigeria Flash-Galerie
یونان نےعالمی کپ مقابلوں میں پہلی مرتبہ کوئی میچ جیتا ہےتصویر: AP

ارجنٹائن کو کھیل میں ابتدائی برتری اس وقت ملی جب جنوبی کوریا کے کھلاڑی نے میسی کی لگائی گئی ایک کِک پر اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر ڈالا۔ 33ویں منٹ میں ہیگوان نے ایک اور گول کردیا۔ جنوبی کوریا کی ٹیم پہلا ہاف ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے ایک گول کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ دوسرے ہاف میں بھی ارجنٹائن کی ٹیم کھیل پر مکمل طور سے چھائی رہی۔

یونان بمقابلہ نائیجریا

گروپ بی کے دوسرے میچ میں یونان نے نائیجیریا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ اس طرح اس یورپی ملک نے ورلڈ کپ کے مقابلوں میں اولین فتح حاصل کی۔ نائیجیریا کی طرف سے کالو اوچی نے 16ویں منٹ میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ 35 میٹر کے فاصلے سے لگائی گئی کالوکی فری کک نے سب کو حیرت زدہ کردیا، جو سیدھی گول پوسٹ میں داخل ہوگئی۔

WM Südafrika 2010 Argentinien vs Südkorea Flash-Galerie
ارجنٹائن کے کوچ میراڈونا اپنے کھلاڑی میسی پر بھرپور اعتماد قائم رکھے ہوئے ہیںتصویر: AP

یونان کی طرف سے دیمیتری سالپنگیدیس نے 44ویں منٹ میں پہلا گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا۔ نائیجیریا کی ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکہ اس وقت لگا جب ان کے کھلاڑی سانی کائیتا کو سرخ کارڈ دکھاکر کھیل سے باہر کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد یونان نے71ویں منٹ میں ایک پینلٹی سٹروک پر فیصلہ کن گول کیا۔

فرانس بمقابلہ میکسیکو

گروپ اے کے میچ میں سابق عالمی چیمپیئن فرانس کو میکسیکو کے خلاف صفر کے مقابلے میں دو گول کی شکست ہوئی۔ میکسیکوکی جانب سے پہلا گول متبادل کھلاڑی ہگو لورس نے اس وقت کیا جب وہ فرانسیسی دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو گول پوسٹ میں ڈالنے میں کامیاب ہوئے جبکہ فرانسیسی کھلاڑی ان کے آف سائیڈ ہونے کی توقع کئے ہوئے تھے۔

WM Südafrika 2010 Frankreich vs Mexiko
فرانس کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوتی دکھائی دے رہی ہےتصویر: AP

میکسیکو نے دوسرا گول پینلٹی سٹروک پر کیا۔ اس طرح 1998ء کی عالمی چیمپیئن کا دو میچ کھیلنے کے بعد بھی محض ایک پوائنٹ ہے اور اس کا پہلے راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سےاخراج اب یقینی ہوتا نظر آرہا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں