1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ: انگلش ٹیم دباؤ میں

19 جون 2010

جمعے کے شام جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں الجزائر اور انگلینڈ کے درمیان میچ صفر صفر گول سے برابر ہو گیا۔ اس سے قبل امریکہ سے میچ برابر ہونے کے باعث انگلینڈ پر آخری گروپ میچ کو ہر حال میں جیتنے کے لئے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Nx9s
تصویر: AP

فیفا ورلڈ کپ 2010ء کے گروپ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود الجزائر کو شکست دینے میں ناکام رہی جبکہ دوسری جانب انگلینڈ سے میچ ڈرا کر دینے پر الجزائر کی ٹیم خوشیاں منا رہی ہے۔ اب انگلینڈکی ٹیم کو اپنا آخری گروپ میچ سلووینیہ کے خلاف کھیلنا ہے اور اگر وہ اس میچ میں بھی فتح سے محروم رہی تو ان کی اگلے مرحلے تک رسائی مزید مشکل ہوسکتی ہے۔ سلووینیہ کی ٹیم الجزائر کو ایک صفر سے شکست دے چکی ہے۔ جمعے کو سلووینیہ کی ٹیم نے امریکہ کے خلاف اپنا میچ دو کے مقابلے میں دو گول سے برابر کھیلا اور اس وقت گروپ سی میں شامل چار ٹیموں میں اس کی پوزیشن سب سے بہتر ہے۔ گروپ سی میں امریکہ اور برطانیہ دو دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ الجزائر کی ٹیم ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

England - USA WM Weltmeisterschaft
انگلینڈ اور امریکہ کا مقابلہ بھی برابر رہا تھاتصویر: AP

امریکہ کے خلاف کھیلے گئے پچھلے میچ میں ایک ایک گول سے برابری کے باعث انگلش ٹیم کے کوچ فابیو کاپیلو پہلے ہی شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ انگلینڈکی ٹیم نے میچ میں انتہائی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کھلاڑی تھکے تھکے دکھائی دیئے۔ انگلش ٹیم کے کپتان سٹیون جیرارڈ نے برے کھیل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم کو ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھنا ہے تو کھلاڑیوں کو ہرصورت میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

England - USA WM Weltmeisterschaft Flash-Galerie
امریکہ سے میچ میں انگلش گول کیپر کی ایک غلطی نے انگلینڈ کو شکست سے دور کر دیاتصویر: AP

''ہم اپنی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔ اگر ہمیں ٹورنامنٹ سے خارج ہونے سے بچنا ہے تو ہمیں بہتر کھیل دکھانا ہو گا۔ ہمیں کھیل میں بہتری لانا ہوگی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ آخری میچ میں جیت کے لئے پیدا ہو جانے والے دباؤ کے باوجود انگلش کھلاڑی اس قابل ہیں کہ وہ اس دباؤ کو ہینڈل کر سکیں اور میچ جیت کر دکھا دیں۔

دوسری جانب الجزائر کے مڈ فیلڈر ریاض بوؤڈیبؤز نے کہا کہ ان کی ٹیم امریکہ کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

’’ہم خوش ہیں کہ ہم نے انگلینڈ سے میچ ڈرا کر دیا۔ انگلینڈ کے میڈیا نے گزشتہ چند دنوں میں ہمارے کھیل کے بارے میں غلط اندازے پیش کئے تھے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ الجزائر نے بہترین کھیل سے ثابت کر دیا کہ وہ ایک اچھی ٹیم ہے اور وہ ایسا ہی مثبت کھیل پیش کرنے کی صلاحیت کی حامل بھی ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید