1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ: سپین اور چلی کی چل گئی

22 جون 2010

جنوبی افریقہ میں جاری فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں پیر کے روز گروپ ایچ میں کھیلے گئے میچوں میں سپین نے ہونڈوراس کو دو صفر جبکہ چلی نے سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/NzcR
سپین کے ڈیوڈ ولا گول کرتے ہوئےتصویر: dpa

فیفا ورلڈ کپ میں منگل کو گروپ ’اے‘ میں میکسیکو کا مقابلہ یوروگوائے سے جبکہ فرانس کا مقابلہ میزبان ٹیم جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ گروپ ’بی‘ میں کوریا رپبلک اور نائجیریا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ یونان اور ارجنٹائن کی ٹیمیں بھی مد مقابل ہوں گی۔

چلی نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ اس کے کل چھ پوائنٹس ہیں۔ گروپ ایچ میں دوسرے نمبر پر سپین کی ٹیم ہے، جس نے ایک میچ ہارا جبکہ ایک جیتا ہے۔ اس طرح سپین کے تین پوائنٹس ہیں۔ اس گروپ میں تیسرے نمبر پر سوئٹزرلینڈ ہے، اگرچہ اس کے بھی تین پوائنٹس ہیں تاہم گول اوسط کی بنیاد پر سپین اس سے برتری حاصل کئے ہوئے ہے۔ ہونڈوراس نے ابھی تک کوئی بھی میچ نہیں جیتا اور وہ اس گروپ میں آخری یعنی چوتھے نمبر پر ہے۔

جوہانسبرگ میں سپین اور ہونڈوراس کے مابین کھیلے گئے میچ میں سپین کی طرف سے دونوں گول ڈیوڈ ولا نے کئے۔ ولا نے پہلا گول 17ویں جبکہ دوسرا51 ویں منٹ میں کیا۔ پہلے میچ میں شکست کے بعد سپین کی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ اگرچہ اس میچ میں، بالخصوص دوسرے ہاف میں، ہسپانوی ٹیم کوئی متاثر کن کھیل پیش نہ کر سکی تاہم انیسویں عالمی کپ ٹورنامنٹ میں اس کی پہلی جیت نے ٹیم کی کمزوریوں کو بہت حد تک چھپا دیا ہے۔

Fußball WM 2010 - Chile gegen Schweiz
چلی کے مارک گونزیلا گول کے بعد خوشی مناتے ہوئےتصویر: AP

پیر کو سوئٹزرلینڈ اور چلی کے مابین ایک دلچسپ مقابلہ ہوا۔ پورٹ ایلزبتھ کے مقام پر نیلسن منڈیلا سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں چلی نے ایک صفر سے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ میچ کا واحد گول متبادل کھلاڑی مارک گونزیلز نے کھیل کے75ویں منٹ میں کیا۔ اس میچ میں پیلے کارڈوں کی بھرمار ہوئی۔ چلی کے چھ کھلاڑی جبکہ سوئٹزرلینڈ کے تین کھلاڑیوں کو فاؤل کے باعث پیلے کارڈ دکھائے گئے جبکہ سوئس کھلاڑی والون بہرامی کو 30 ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔

اب اس گروپ میں سوئٹزرلینڈ اپنا تیسرا اورآخری میچ ہونڈوراس کے خلاف کھیلے گا۔ اس میچ میں سوئٹزرلینڈ کا پلڑا بھاری نظر آ رہا ہے۔ سپین کو ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کے لئے اب بہرحال اپنے آخری گروپ میچ میں اچھی گول اوسط کے ساتھ چلی کو شکست دینا ہو گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں