1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قدیم ثقافتی روایات کے تحفظ کی کوششیں

21 نومبر 2011

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے ماہرین کا اجلاس رواں ماہ انڈونیشیا میں منقعد ہوگا۔ اجلاس میں 84 مختلف ثقافتی روایات کویونیسکوکے "غیرمادی ورثے" کا حصہ بنائے جانےکا فیصلہ کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/13EPz
تصویر: UNI

ان مخصوص روایات میں منگولیا کی خطاطی ، آرمینیا میں زراعت کی قدیم طرز کی روایت اور فرانس میں گھڑسواری کی روایت بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے اس ثقافتی ادارے کی امداد امریکہ نے روک دی تھی کیونکہ یونیسکو نے فلسطین کو رکنیت دے دی تھی۔ امریکہ کے اس اقدام کی وجہ سے اس ماہ ادارے کا کام تعطل کا شکار رہا تاہم اس کے باوجود بھی انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں رواں ماہ اس اجلاس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران ماہرین اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ کونسی مخصوص ثقافتی روایات یا رسومات یونیسکو کے معیار پر پورا اترتی ہیں تاکہ مستقبل میں انہیں محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ یونیسکو میں اس شعبےکی سربراہ سیسلی ڈیول نے بتایا کہ ان تمام کاوشوں کا مقصد صرف سیاحوں کے لیے معلوماتی مواد کی فراہمی نہیں بلکہ ان عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے، جن کی بدولت یہ روایات آنے والی نسلوں تک منتقل ہو سکیں۔

Flash-Galerie Nationalpark Hamburgisches Wattenmeer
یونیسکو قدیم ثقافتی روایات کے تحفظ کے لیے کوشاںتصویر: dapd

آرمینیا میں آبپاشی کے قدیم تہوار"وارداور" کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس روایت میں بچے فصل کی کٹائی کے موقع پر راہ گیروں پر پانی پھینکتے ہیں۔ اسی طرح میزبان ملک انڈونیشیا میں بھی ایک روایتی رقص " سمان" بہت مشہور ہے۔ اس رقص میں بالی کے قریبی علاقے سماٹرا سے بھی لوگ بڑی تعداد میں شامل ہوتے ہیں اوریوں ہزاروں افراد ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے اس قدیم رقص کا حصہ بن جاتے ہیں۔ اب تک 80 سے زائد ممالک کے کسی ایک یا ایک سے زیادہ ثقافتی پہلوؤں یا قدیم روایات کویونیسکو نے تسلیم کیا ہے لیکن فنڈنگ میں کمی کے باعث ان تمام کے تحفظ پر یکساں توجہ نہیں دی جا سکی ہے۔

اس اجلاس کے دوران 84 مزید ثقافتی روایات کا جائزہ لیا جائے گا اور ان میں سے 23 کو اس لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جو تحفظ کے اعتبار سے فوری توجہ کی مستحق ہیں۔ منگولیا بھی انہی ممالک میں شامل ہے اورعالمی سطح پر قدیم خطاطی کے ورثے کی اہمیت کو تسلیم کرانا چاہتا ہے۔ اسی طرح برازیل بھی روایتی رقص " یوکوا" کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔

رپورٹ: شاہد افراز خان

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں