1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قربانی کے لیے جانور چاہیے؟ ’بکرا اون وہیل ‘ایپ سے مدد لیجیے

صائمہ حیدر
1 ستمبر 2017

رواں ہفتے کے اختتام پر جب پاکستان میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں تِل دھرنے کو جگہ نہیں ، ایسے میں اسلام آباد اور کراچی کے شہری ایک ایپلیکیشن کے ذریعے قربانی کے لیے من پسند جانور گھر بیٹھے خرید رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2jCKE
Lithauen Ziegen Contest Schönheitswettbewerb
تصویر: picture-alliance/dpa/V.Kalnina

عید الاضحیٰ پر گائے، بکرے، اونٹ، بیل یا دنبے کی قربانی اُن کے پیغمبر ابراہیم کی قربانی کی یاد میں دی جاتی ہے۔ بعد ازاں قربان کیے جانے والے جانور کے گوشت کے حصے بنائے جاتے ہیں اور اسے غرباء و مساکین ، رشتے داروں اور اپنے خاندان میں برابر تقسیم کیا جاتا ہے۔

یہ تہوار صدیوں سے منایا جاتا ہے لیکن اب منڈیوں میں بے انتہا رش اور جانور کی گھر تک ترسیل کے مسائل سے بچنے کے لیے اسلام آباد اور کراچی کے شہریوں نے کریم ٹیکسی سروس کی جانب سے متعارف کرائی گئی ایک ایپلیکیشن کے ذریعے ان پریشانیوں سے نجات پا لی ہے۔ یہ ایپلیکیشن پاکستان میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ ایپ کے ذریعے کریم سروس نے ’بکرا اون وہیل‘ کے آئیڈیے کو متعارف کرایا ہے۔

پاکستان میں کریم ٹیکسی سروس کے مارکیٹنگ کے شعبے کے سربراہ ابو زر خان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ لوگوں نے اس ایپ کے اجرا پر بہت مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اب تک تیس بکرے فروخت کیے جا چکے ہیں۔ تاہم اس ایپ سے قربانی کے جانوروں کی منڈیوں کے کاروبار کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مویشیوں کا کاروبار سالانہ چار فیصد تک بڑھ رہا ہے اور عید کے زمانے میں اس میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔