1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطری پرچم کے قریب فوجیوں کے ہنسنے پر امریکی سفیر طلب

افسر اعوان9 جون 2016

خلیج میں سب سے بڑے امریکی فوجی اڈے کی میزبانی کرنے والے ملک قطر نے امریکی فوجیوں کی طرف سے قطر کے پرچم کے قریب ہنسنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد امریکی سفیر کو طلب کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1J3le
تصویر: Said Khatib/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آن لائن پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں امریکی فوجیوں کو قطر کے پرچم کے سامنے ہنستے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے مطابق اس نے ’’سوشل میڈیا پر حال ہی میں گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے معاملے پر ۔۔۔ امریکی سفیر کو طلب کیا ہے۔ خاتون سفیر سے کہا گیا ہے کہ اس ویڈیو کے مناظر کی وضاحت کریں۔‘‘

روئٹرز کے مطابق ویڈیو کلپ میں یونیفارم میں ملبوس دو امریکی فوجیوں کو دیکھا جا سکتا ہے جن میں سے ایک خاتون اور ایک مرد فوجی ہے۔ یہ فوجی ایک امریکی اور ایک قطری پرچم کے سامنے ایک کیمرے میں دیکھتے ہوئے بات کر رہے ہیں، مذاق کر رہے ہیں۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق امریکی سفیر ڈانا شیل اسمتھ نے قطر کے نائب وزیر خارجہ سلطان المُریخی سے ملاقات کی۔ روئٹرز کے مطابق اسمتھ نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے اس واقع پر معذرت کی ہے۔

قدرتی گیس کے وسیع ذخائر رکھنے والا خلیجی ملک قطر دنیا کے امیر ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے
قدرتی گیس کے وسیع ذخائر رکھنے والا خلیجی ملک قطر دنیا کے امیر ترین ممالک میں شمار ہوتا ہےتصویر: imago/Photoshot/Construction Photography

ڈانا شیل اسمتھ نے ایک قطری شہری کی طرف سے ٹوئیٹر پر پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں اپنے اکاؤنٹ سے ٹوئیٹ کیا، ’’امریکی ملٹری کمانڈ کو اس واقعے کی تحقیقات کا کہا گیا ہے اور اس پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔‘‘

عربی میں جاری کیے گئے اپنے ایک اور ٹوئیٹ میں شیل اسمتھ نے لکھا، ’’یہ بات یقینی ہے کہ ان فوجیوں نے قطر کی ریاست کا نہیں بلکہ اپنا مذاق اڑایا ہے۔‘‘

قدرتی گیس کے وسیع ذخائر رکھنے والا خلیجی ملک قطر دنیا کے امیر ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ قطر میں العیدید نامی امریکی ایئربیس پر قریب 10 ہزار امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ یہ خلیجی عرب ریاست واشنگٹن کے سب سے بڑے عرب اتحادیوں میں سے ایک ہے۔