1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطر کی حاکمیت کو کوئی خطرہ نہیں، جرمن وزیر خارجہ

3 جولائی 2017

جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل کے مطابق شدت پسند تنظیموں کو مالی مدد فراہم نہ کرنے سے متعلق ایک معاہدہ کرنے سے قطر اور خلیجی ممالک کے درمیان تناؤ اور سفارتی بحران ختم کیا جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2frBO
Saudi-Arabien Außenminister Sigmar Gabriel & Abdel bin Ahmed Al-Jubeir in Dschidda
تصویر: Getty Images/Photothek

جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل خلیجی ممالک کے تین روزہ دورے کے دوران اپنی پہلی منزل سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے سعودی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خلیجی ممالک خطے کی ایک اہم طاقت ہیں اور انہیں آپس میں مل کر رہنا چاہیے۔

انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ قطر کی حاکمیت کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔ سعودی عرب کے بعد وہ متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر بھی جائیں گے۔ برلن حکومت کا اصرار ہے کہ خلیجی ممالک کے اس بحران کو پرامن مکالمت کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔

Saudi-Arabien Außenminister Sigmar Gabriel & Abdel bin Ahmed Al-Jubeir in Dschidda
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Fischer

قبل ازیں سعودی عرب اور دیگر تین عرب ممالک نے قطر کو دی گئی مہلت میں اڑتالیس گھنٹوں کی توسیع کر دی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت نے یہ تجویز دی تھی کہ دوحہ حکومت کو تیرہ مطالبات پر عملدرآمد کے لیے دیے گئے الٹی میٹم میں اضافہ کیا جائے۔

 سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر  کا الزام ہے کہ دوحہ حکومت دہشت گردوں کو مالی تعاون فراہم کرتی ہے تاہم قطر ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ سعودی عرب کا مؤقف تھا کہ اگر قطر مطلوبہ وقت میں یہ مطالبات پورے نہیں کرتا تو اس پر مزید پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔ عالمی طاقتیں قطر کے بحران کے حل کی کوشش میں ہیں۔