1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قندور حملہ اور جرمن وزیر دفاع پر بڑھتا دباؤ

14 دسمبر 2009

جرمن وزیر دفاع کارل تھیوڈور سو گٹن برگ نے قندوز حملے کے واقعے میں نئے الزامات کی تردید کی ہے۔ نئے الزامات میں کہا گیا ہے کہ سو گٹن برگ نے قندوز متنازعہ حملے کے نتیجے میں دواعلی حکام کے مستعفی ہونے لئے غلط طور پر دبا تھا۔

https://p.dw.com/p/L1cV
جرمن وزیر دفاع سو گٹن برگ اپنے دورہ افغانستان کے دوران صدر حامد کرزئی کے ساتھتصویر: AP

ایک جرمن اخبار بلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے جرمن وزیر دفاع نے اِس امرکی تصدیق کی ہے کہ چار ستمبر کے قندور ہوائی حملے کے حوالے سے جرمن وزارت دفاع کے حکام نے اہم اطلاعات کو اپنے تک محدود رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اِن اطلاعات کی اعلیٰ حکومتی حلقوں تک نہ پہنچائے جانے کی ذمہ داری دو سینئر دفاعی اہلکاروں نے قبول کر لی ہے۔

اِن افراد میں ایک جرمن فوج کےسابقہ سربراہ جنرل وولف گانگ شنائیڈرہان اور دوسرے نائب وزیر دفاع پیٹر وشرٹ شامل ہیں۔ دونوں احباب گزشتہ ماہ اپنے عہدوں سے علیحدہ ہو چکے ہیں۔ اُن کے مستعفی ہونے کے بعد سے جرمنی کے سیاسی حلقوں میں زوردار بحث جاری ہے۔ دوسری جانب دو دوسرے جرمن اخبارت ڈیئر شپیگل اور فرینکفورٹر الگیمائنے نے وزیر کے بیان کو درست نہیں قرار دیا۔ ان کے مطابق دونوں اہلکاروں نےسو گٹن برگ کو مطلوبہ معلومات فراہم کی تھیں۔

Bundesverteidigungsminister Karl-Theodor zu Guttenberg
قندوز حملوں پر جاری کردہ بیانات پر سو گٹن برگ پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہےتصویر: AP

چار ستمبر کو مبینہ طور پر قندوز میں طالبان کے قبضے میں آئے ہوئے دو ٹینکروں کو چھڑانے کے سلسلے میں ہوائی حملے کا سہارا لیا گیا تھا۔ اِس فضائی کارروائی میں سو سے زائد عام شہریوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔

تازہ تنازعے کی تفصیلات کے مطابق ہوائی حملے کا نشانہ طالبان لیڈروں کا ایک گروپ تھا نا کہ دو آئل ٹینکرز۔ آئل ٹینکروں کو چھڑانے کا حوالہ جرمن حکومت اِس ہوائی حملے کے حوالے سے دیتی چلی آ رہی ہے۔ ایک اور جرمن جریدے زوڈ ڈوئچے سائٹنگ نے نیٹو کی ایک خفیہ رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمن فوجی افسر کرنل گیاگ کللائن کی خواہش تھی کہ فضائی حملہ ٹینکروں کے بجائے لوگوں پر کیا جائے۔ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ نئی معلُومات سے جرمن وزیر دفاع پر پہلے سے پیدا شدہ دباؤ دوچند ہو گیا ہے۔

سو گٹن برگ نے پہلے اِس حملے کو مناسب کہا تھا اور اب وہ اُس بیان کو بدل کر حملے کو نامناسب قرار دے رہے ہیں۔ اُن کے بیان بدلنے پر بیشترجرمن سیاستدان اب طالبان لیڈروں پر ہوائی حملے کی تمام تفصیلات عام کرنے کا تقاضا کر رہے ہیں۔ اِس میں گرین پارٹی نمایاں ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ اپوزیش جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اِس واقعے کے تناظر میں دوسری جڑی تفصیلات کی روشنی میں باقاعدہ پیشی کا عمل پارلیمنٹ کی کمیٹی کے سامنے کیا جائے۔

Generalinspekteur Wolfgang Schneiderhahn
جرمن فوج کے سابقہ سربراہ جنرل وولف گانگ شنائیڈرہانتصویر: AP

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ زیگمار گبریل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تازہ تفصیلات کی مناسبت سے حکومتی تشریحات ناکافی ہیں۔ گبریل کا مزید کہنا ہے کہ روزانہ میڈیا کے ذریعے نئی ڈرامائی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ نے سو گٹن برگ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے منصب سے مستعفی ہونے پر بھی غور کریں۔ اِسی واقعے کی تفصیلات سامنے آنے پر اُس وقت کے وزیر دفاع فرانز یوزف یُنگ اور موجودہ وزیر محنت پہلے ہی مستعفی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں