1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قید خانے‘ قیدی اور جسمانی اذیتیں

26 مارچ 2008

یوں تو ہر دور میں ہی جنگی اور سیاسی قیدیوں کو جسمانی اذیتیں دی جاتی رہی ہیں لیکن کیا آج کی مہذب دنیا میں زیر حراست جسمانی اذیتوں کا رواج قیدیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہے؟ جیل manuals یا قواعد کیا کہتے ہیں؟ اور کیا جیلوں اور انٹیروگیشن مراکز میں قواعد کی پاسداری کی جاتی ہے یا پھر خلاف ورزی؟

https://p.dw.com/p/DYOM
تصویر: dpa

موجودہ دور میں بھی صومالیہ‘ سوڈان‘ عراق‘ افغانستان‘ فلسطین‘ اور کشمیر جیسے دنیا کے بحران زدہ خطوں میں پوچھ گچھ کے دوران قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھنے سے بھی پرہیز نہیں کیا جاتا ہے۔اور اس سلسلے میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے وہاں کی افواج‘ نیم فوجی دستوں‘ سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے کردار پر کڑی تنقید کی جاتی ہے۔

سن دو ہزار ایک میں امریکہ کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد سے شدت پسندی اور القاعدہ اور طالبان جیسی تنظیموں کے ساتھ قریبی روابط رکھنے کے شبہ میں دنیا بھر سے ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جاتا رہا ہے۔یہ سلسلہ اب بھی بدستور جاری ہے۔آج کی تاریخ میں بدنام زمانہ ابو غریب اور گونتنامو بے اور دیگر جیلوں میں زیر حراست افراد سے پوچھ گچھ کے دوران مختلف طریقے آزمائے جاتے رہے ہیں‘ اور بعض معاملات میں‘ ان افراد کو شدید قسم کی جسمانی اذیتیں بھی دی جاتی ہیں۔

اس سلسلے میں ابھی حال ہی میں امریکی خفیہ ادارے‘ CIA‘نے پہلی مرتبہ یہ اعتراف بھی کیا کہ اس کے اہلکاروں نے سن دو ہزار دو اور دو ہزار تین میں بعض مشتبہ شدت پسندوں کو پانی کے ذریعے تشدد کا نشانہ بنایا۔اس طریقہ کار کو واٹر بورڈنگ کہا جاتا ہے۔واٹر بورڈنگ وہ انداز تفتیش ہے جس میں زیر حراست افراد پر پانی کو اس طرح استعمال کیا جاتا ہے کہ وہ ڈوبنے کے خوف میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

دوسری عالمی جنگ کے دوران جاپان اور جرمنی نے جنگی قیدیوں کے خلاف واٹر بورڈنگ کے تفتیشی طریقے کا خوب استعمال کیا۔

جنوبی ایشیاءکے ممالک میں بھی قیدیوں کو جسمانی اذیتیں دی جاتی رہی ہیں۔پاکستان میں سابق صدر مرحوم جنرل ضیاءالحق کے دور میں سیاسی قیدیوں کے ساتھ کیسا برتاﺅ کیا گیا؟

سن 1989 میں بھارت کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر میں بھارت کی حکمرانی کے خلاف ایک مسلح جدوجہد کا آغاز ہوا۔دنیا کے دیگر شورش زدہ علاقوں کی طرح وہاں بھی قومی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے نام پر ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا۔بھارت کی مختلف جیلوں‘ بالخصوص دلی کی تہاڑ جیل‘ اور جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں کشمیری قیدیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہے؟