1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاطینی امریکی ممالک کی سربراہی کانفرنس

16 دسمبر 2008

لاطینی امریکہ میں بھی واقع ملک اپنی اقتصادی ضرورتوں کے تناظر میں یک جا ہونے کی کوششوں میں ہیں۔ تازہ سربراہ اجلاس بھی اِسی پس منظر میں خیال کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/GGp7
لاطینی امریکہ کے ملکوں کی مئی میں منعقدہ سربراہ اجلاس: پیرو کے دارالحکومت لیما میں لاطینی امریکہ کے ملکوں کے جھنڈے لہراتے ہوئے۔تصویر: AP

برازیل کے ساحلی شہر Costa do Suipe میں لاطینی امریکی ممالک کی تین روزہ سربراہی کانفرنس شروع ہوگئی ہے۔

اس اجتماع میں اقتصادی بحران سے دوچار 33 لاطینی امریکی ممالک کے سربراہان سخت حفاظتی انتظامات میں بہتر معاشی ، ترقیاتی اور تجارتی رابطوں کے فروغ کے لئے لائحہ عمل تیار کریں گے۔ اس تین روزہ سربراہی کانفرنس کی ایک خاص بات امریکہ کی عدم شرکت ہےجو کہ علاقے میں اپنے اثرورسوخ کی وجہ سے اس سے قبل ہونے والے تمام اہم اجتماعات میں کسی نہ کسی طور پر، چاہے غیررسمی حیثیت سے ہی سہی، لیکن شامل رہا ہے۔

کل پیرکے روز شروع ہونے والی پہلی دو روزہ سربراہی ملاقات میں Mercosur ٹریڈ بلاک کے رہنما حصہ لے رہے ہیں۔ ان ممالک میں برازیل، ارجنٹائن، پیراگوئے، یوراگوئے اور وینزویلا شامل ہیں۔ اس ملاقات میں بلاک کے رکن ممالک کے تجارتی اشیاء پر دوہرے ٹیکس کے خاتمےکے لئے اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔

آج ہی برازیل کے مقامی وقت کے مطابق بعد از سہ پہر لاطینی امریکہ کے تمام 33 ملکوں کے سربراہان کی کانفرنس بھی شروع ہوجائے گی۔

Rio Group میں شامل سربراہان کی کانفرنس بدھ 17 دسمبر کے لئے طے ہے۔ اس گروپ میں 23 ریاستیں شامل ہیں جن میں سے ایک کیوبا بھی ہے جو حال ہی میں اس گروپ کا رکن بنا ہے۔

اس کانفرنس میں کیوبا کی نمائندگی خود صدر راؤل کاستروکریں گے جو دو برس قبل اپنے بھائی فیڈیل کاسترو کی علالت کے بعد کیوبا میں ریا ستی سربراہ بنے تھے ۔ راؤل کاسترو کا برازیل کا موجودہ دورہ دراصل صدر کے طور پرا ن کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔