1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لانگ مارچ: واشنگٹن اور لندن کا اسلام آباد کو مشورہ

شکور حیم، اسلام آباد13 مارچ 2009

پاکستان میں جمعرات کے روز وکلاء اور اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے لانگ مارچ کا پہلا دن حکومتی خدشات کے بر عکس کسی بھی بڑے ناخوشگوار واقعے کے بغیر اپنے اختتام کو پہنچا۔ آج جمعہ کے روز یہ مارچ دوسرے دن بھی جاری رہے گا۔

https://p.dw.com/p/HB4A
لانگ مارچ کے پہلے روز کراچی میں سول کپڑوں میں ملبوس سیکیورٹی اہلکار مظاہرین کی پٹائی کرتے ہوئےتصویر: AP

لانگ مارچ کے پہلے روز البتہ ملک کے مختلف شہروں میں وکلاء اور سیاسی کارکنوں کی گر فتاریوں اور نظر بندیوں کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی تناؤ نے مغربی ممالک خصوصا امریکہ اور برطانیہ کی تشویش میں خاصا اضافہ کر دیا۔ اسی سبب جمعرات کی شب پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی مندوب رچرڈ ہالبروک اور پاکستان میں امریکی سفیر پیٹرسن نے صدر آصف علی زرداری کے ساتھ ٹیلی فون کانفرنس کی۔

Richard Holbrooke 2008
پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی مندوپ رچرڈ ہالبروکتصویر: picture-alliance/ dpa

اسلام آباد میں ایوان صدر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اس کانفرنس میں رچرڈ ہالبروک واشنگٹن سے جبکہ صدر آصف زرداری ایوان صدر اور اسلام آباد میں امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن اپنی رہائش گاہ سے شریک ہوئیں۔

ایوان صدر کے اعلی ذرائع نے اپنا نام ظاہر نہ کر نے کی شرط پر ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ 30 منٹ تک جاری رہنے والی اس سہ فریقی کانفرنس میں رچرڈ ہالبروک نے صدر آصف زرداری سے ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ جمہوریت کے استحکام کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھ کر موجودہ مسائل کے حل تلاش کریں۔

بعد ازاں رچرڈ ہالبروک نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ بھی فون پر بات چیت کی۔

Proteste in Pakistan
اپوزیشن کارکن سرکاری اہلکاروں کے نرغے میں: یہ منظر ایک دن میں کئی شہروں میں نظر آیاتصویر: AP

ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق جمعرات ہی کی رات برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے بھی صدر آصف علی زرداری سے فون پر بات کی اور انہیں پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لئے برطانیہ کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسی دوران جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سند ھ پو لیس نے پاکستان سپریم کور ٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر علی احمد کرد کی زیر قیادت کوئٹہ سے آ نے والے لانگ مارچ کے جلوس کو سندھ میں داخل ہونے سے روک دیا جس پر وکلاء اور سیاسی کارکنوں نے بلوچستان اور سندھ کے درمیان صوبائی سرحد پر دھرنا دیا۔

اس موقع پرعلی احمد کرد نے اعلان کیا کہ وہ اور ان کے ساتھی سندھ میں داخلے کی اجازت ملنے تک اسی جگہ پر دھرنا دیئے بیٹھے رہیں گے۔