1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاوروف کی ابوظہبی میں اہم پریس کانفرنس کا مرکزی موضوع شام

علی کیفی dpa
1 فروری 2017

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے ابوظہبی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شام میں محفوظ زونز کے حوالے سے امریکی موقف کی وضاحت طب کر لی ہے اور عرب لیگ میں شام کی واپسی کی وکالت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/2WoCI
Russland Sergei Lawrow in Moskau
روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروفتصویر: Getty Images/AFP/N. Kolesnikova

روسی وزیر خارجہ لاوروف مشرقِ وُسطیٰ میں دہشت گردی کے خاتمے پر عرب لیگ کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے ساتھ بھی بات چیت کرنے کے لیے امارات کے صدر مقام ابوظہبی میں تھے، جہاں اُنہوں نے یکم فروری بدھ کے روز عرب لیگ کے سربراہ احمد ابوالغیط کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

لاوروف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شام میں ’سیف زونز‘ کے حوالے سے اپنی تجویز کی وضاحت کرنی  چاہیے تاکہ اُس ناکام حکمتِ عملی کا اعادہ نہ ہو، جو 2011ء میں لیبیا میں اختیار کی گئی تھی۔ ٹرمپ نے یہ تجویز بیرونی دنیا بالخصوص مغربی ملکوں میں شامی مہاجرین کو پناہ دینے کے متبادل کے طور پر پیش کی تھی تاہم ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا تھا کہ وہ یہ زونز کہاں بنانا چاہتے ہیں۔

رواں ہفتے کے آغاز پر دمشق حکومت نے کہا تھا کہ اُس کے ساتھ اتفاقِ رائے کے بغیر ’سیف زونز‘ قائم کرنا ’ غیر محفوظ‘ ہو گا۔ روس کی سرکاری نیوز ایجنسی تاس کے مطابق لاوروف نے کہا: ’’شامی بحران شروع ہونے کے فوراً بعد سے سیف زونز قائم کرنے کی تجویز زیرِ غور چلی آ رہی ہے  لیکن خطرہ یہ ہے کہ اگر ایسے کوئی زونز اُس علاقے میں قائم کیے جائیں، جہاں حکومت مخالف فورسز کا قبضہ ہو اور اُنہوں نے کسی طرح کی متبادل حکومت قائم کر رکھی ہو تو کہیں لیبیا کے مایوس کُن تجربے کا اعادہ نہ ہو جائے۔ ہم آج تک لیبیا کی علاقائی سالمیت کی بحالی کے لیے تگ و دو کر رہے ہیں اور میرا نہیں خیال کہ واشنگٹن حکومت وہی راستہ دوبارہ اپنانا چاہے گی۔‘‘

لاوروف کے مطابق ٹرمپ کی تجویز کا مقصد مغربی دنیا کا رُخ کرنے والے شامی مہاجرین کی تعداد کو کم کرنا ہے لیکن یہ کہ روس اس  موضوع پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

Ägyptischer Außenminister Ahmed Aboul Gheit
عرب لیگ کے سربراہ احمد ابوالغیط نے عرب لیگ میں شام کی جلد واپسی کو خارج از امکان قرار دیا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa/B.Szandelszky

اپنی اس پریس کانفرنس میں لاوروف نے عرب لیگ میں شام کی واپسی کی بھی وکالت کی اور کہا کہ اس عرب تنظیم میں شام کی رکنیت شامی تنازعے کے سیاسی حل کی تلاش میں عرب لیگ کی معاون ثابت ہو گی۔ لاوروف نے اس حقیقت کی جانب اشارہ کیا کہ شام اقوام متحدہ کا ایک ’باضابطہ‘ رکن ہے لیکن دوسری جانب ’عرب لیگ میں ہونے والے بحث مباحثے میں اپنا کردار ادا نہیں کر سکتا‘۔ انہوں نے کہا: ’’ہماری مشترکہ (امن) کوششوں میں یہ چیز معاون ثابت نہیں ہو رہی۔‘‘

اسی پریس کانفرنس میں موجود عرب لیگ کے سربراہ احمد ابوالغیط نے البتہ اس عرب تنظیم میں، جس  کا ہیڈ کوارٹر قاہرہ میں ہے، شام کی جلد واپسی کو خارج از امکان قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی بھی فیصلے کا اختیار لیگ کے دیگر اکیس رکن ملکوں کے پاس ہے۔ مزید یہ کہ سرِدست شام کو پھر سے اس تنظیم میں شامل کرنا ایجنڈے پر نہیں ہے اور جیسے ہی شام میں تقریباً چھ سال سے جاری خانہ جنگی کے کسی ’سیاسی تصفیے‘ کے آثار نظر آئیں گے، یہ معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ شام میں حکومت مخالف مظاہروں اور اپوزیشن کی اُس تحریک کو بری طرح سے کچل دیے جانے کے بعد، جسے خلیج کی عرب ریاستوں کی پشت پناہی حاصل تھی، عرب لیگ نے 2011ء میں شام کی رکنیت معطل کر دی تھی۔