1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاگارڈ قصور وار قرار، آئی ایم ایف کا ہنگامی اجلاس طلب

19 دسمبر 2016

انٹرنیشنل مانیڑی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنا ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ قبل ازیں فرانس کی ایک عدالت نے اس ادارے کی خاتون سربراہ کرسٹین لاگارڈ کو مجرمانہ غفلت برتنے کے الزام میں قصووار قرار دے دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2UYBu
Peru APEC-Gipfel Christine Lagarde
تصویر: Getty Images/AFP/M. Bernetti

بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایک ترجمان گیری رائس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے، ’’فرانس میں قانونی کارروائیوں سے متعلق پیش رفت کے بارے میں غور کرنے کے لیے پہلے بھی  ایگزیکٹو بورڈ ملاقاتیں کرتا رہا ہے لیکن اس تازہ پیش رفت کے بعد بورڈ دوبارہ بہت ہی جلد ایک اجلاس کا انعقاد کرنے والا ہے۔‘‘

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ بورڈ پیر کی شام میں ہی ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کر لے گا۔ آئی ایم ایف کے اس اعلان سے پہلے فرانس کی ایک عدالت نے عالمی مالیاتی ادارے کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ کو فرانس کی وزیر خزانہ کی حیثیت سے ایک تاجر کو بے تحاشا سرکاری رقوم کی ادائیگی میں مجرمانہ غفلت برتنے کا ذمہ دار قرار دے دیا تھا۔ تاہم انہیں کوئی سزا نہیں سنائی گئی۔

 انہوں نے اس مقدمے کی کارروائی کے دوران خود کو بے قصور قرار دیا تھا۔ وکیل صفائی نے کہا ہے کہ وہ اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔ یہ عدالتی حکم لاگارڈ کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں کیوں کہ ان کو کافی عرصے سے مستقبل کی ممکنہ فرانسیسی صدر کی حیثیت سے پیش کیا جاتا رہا ہے۔

دریں اثناء آئی ایم ایف کے ایک وکیل نے اپنے ادارے کی سربراہ  کرسٹین لاگارڈ کے مستقبل کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں فی الحال کوئی بھی قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتے۔ قبل ازیں تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اس عدالتی فیصلے کے بعد لاگارڈ اپنے عہدے سے مستعفی ہو سکتی ہیں۔ آئی ایم ایف کے وکیل کرسٹوف بیکر کا کہنا تھا کہ انہیں قصور وار تو قرار دیا گیا ہے لیکن کوئی سزا نہیں سنائی گئی، اس کا مطلب ہے کہ اس کا کوئی ریکارڈ نہیں۔

آئی ایم ایف کے ہنگامی اجلاس میں بورڈ اس بات کا تعین کرے گا کہ اس عدالتی فیصلے کے آئی ایم ایف کی ساکھ پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر آئی ایم ایف کی ساکھ پر کوئی حرف آتا دکھائی دیا تو بورڈ لاگارڈ کو اخلاقی بنیادوں پر مستعفی ہونے کا مشورہ دے سکتا ہے۔

کرسٹیں لاگارڈ آئی ایم ایف کی تاریخ میں پہلی خاتون سربراہ ہیں۔ کرسٹین لاگارڈ کے مستعفی ہونے کی صورت میں ان کا متبادل تلاش کرنے کی دوڑ شروع ہو جائے گی۔ ایک معاہدے کے تحت آئی ایم ایف کے آئندہ سربراہ کسی ترقی پذیر ملک سے ہوگا۔