1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور:فیوچر ٹینس کپ میں جرمن کھلاڑی توبرٹ پیٹرک کی فتح

طارق سعید، لاہور31 اکتوبر 2008

لاہور کے تاریخی باغ جناح کے ہارڈ کورٹ پر کھیلے گئے آئی ٹی ایف فیوچر کپ کے فائنل میں جرمنی کے ٹوبرٹ پیٹرک نے بھارت کے روپیش رائے کو سیدھےسیٹوں میں شکست دے کر چمپئن ہونےکااعزازحاصل کیا۔

https://p.dw.com/p/FlM2
لاہور میں ہونے والے فیوچر ٹینس کپ میں جرمن ٹینس کھلاڑی توبرٹ پیٹرک نے مردوں کے انفرادی مقابلوں میں فتح حاصل کی۔تصویر: Nadeem Ijaz

جرمنی کے شہر میونخ سے تعلق رکھنے والے21سالہ پیٹرک نے میچ میں اپنی عمدہ سروس اور طاقتور شاٹس کے ذریعہ سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور صرف40 منٹ میں ہی چھ۔ دواورچھ ۔ ایک سے بازی جیت لی۔ فتح کے بعد مسرور دکھائی دینے والے توبرٹ پیٹرک نے روپیش رائے کے اسقدر آسانی سے ہتھیار ڈالنے پر حیر ت کا اظہار کیا۔ پیٹرک کا کہنا تھا کہ میں مقابلے کی توقع کر رہا تھا مگر میرے حریف مسلسل چار ماہ سے کھیلنے کے باعث تھکے ہوئے محسوس ہوئے۔ پیٹرک کا کہنا تھا میں پہلی مرتبہ پاکستان آیا ہوں اور یہاں کے لوگ اچھے اور ماحول دوستانہ ہے۔ جرمن کھلاڑی نے کہا کہ انھیں سےکورٹی کے حوالے سے بھی کوئی مسئلہ درپیش نہیں رہا اسلئے وہ اس ملک میں پھر سے آنا چاہیں گے۔

شکست کے بعد بھارتی ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے روپیش رائے نے اعتراف کیا کہ وہ پیٹرک کے سامنے نروس ہوگئے تھے۔

بارہ ممالک کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بھی سات کھلاڑیوں نے شرکت کی تاہم سنگل ایونٹ میں میزبان ملک کا کوئی کھلاڑی کوارٹر فائنل سے آگے نہ بڑھ سکا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سینیٹردلاورعباس نے پاکستانی کھلاڑیوں کی کاکرکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں سنگل ایونٹ میں زیادہ اچھے نتائج کی توقع تھی جو حاصل نہ ہو سکے۔ دلاور عباس نے بتایا کہ ماضی میں پاکستانی کھلاڑی عالمی سطح پر ڈیوس کپ میں ہی حصہ لیتے رہے ہیں مگر ہم نے اب انھیں بین الاقوامی ایکسپوثر دلانے کی خاطر50 ہزارامریکی ڈالرزانعامی رقم کے تین ٹورنامنٹس کا اہتمام کیا ہے۔ فیڈریشن کے سر براہ نے کہا کہ فیوچر کپ میں حصہ لینے والے دو پاکستانی کھلاڑی شہزاد خان اور جبران محمدی مستقبل میں اعصام الحق اور عقیل خان کا اچھا نعم البدل ثابت ہو سکتے ہیں۔