1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور آپریشن مکمل، سیکیورٹی فورسز نےٹریننگ سینٹر کا کنٹرول سنبھال لیا

خبر رساں ادارے30 مارچ 2009

لاہور میں مناواں پولیس ٹریننگ سینٹر پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کرکے کم از کم 20 افراد کو ہلاک اور پچاس سے زائد کو زخمی کردیا ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

https://p.dw.com/p/HMYO
حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لئے لے جایا جا رہا ہےتصویر: AP

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لئے فوج کی مدد بھی لی گئی۔ کمانڈوز نے بھی اس آپریشن میں حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے پولیس ٹریننگ سینٹر کا کنٹرول پوری طرح سنبھال لیا ہے۔ پنجاب پولیس کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو مین دعویٰ کیا ہے کہ اس آپریشن میں ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

لاہور کے نواحی علاقے میں پولیس ٹریننگ اسکول مناواں پر آج علی الصبح دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

Anschlag auf Polizeiakademie in Pakistan
واقعے کے بعد انسداد دہشت گردی سکواڈ آپریشن کے دورانتصویر: AP


عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹریننگ سینٹر میں داخلے کے وقت ہی حملہ آوروں نے دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ شروع کردی تھی جبکہ اب بھی حملہ آور ٹریننگ سینٹر میں مورچہ بند ہوکر وقفے وقفے سے فائرنگ کرتے رہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پولیس، رینجرز اورایلیٹ فورس کے اہلکاروں کے علاوہ فوجی کمانڈوزنے سینٹر کو گھیرے میں لے لیا اور آپریشن کے دوران آس پاس کے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا جس کے بعد بکتر بند گاڑیاں ٹریننگ سینٹر میں داخل ہوگئی ہیں۔ اس آپریشن میں فوجی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے گئے۔

اس سے قبل پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ سینٹر میں دس سے بارہ حملہ آور اب بھی موجود ہوسکتے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آورپولیس کی وردیوں میں ملبوس ہیں جس کی وجہ سے کارروائی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

واضح رہے کہ اس ٹریننگ سینٹر میں ساڑھے آٹھ سو کے قریب پولیس اہلکاروں کو تربیت دی جاتی ہے۔ اس واقعے کے بعد لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔