1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور ٹیسٹ: پاکستانی بلے بازوں کے لئے نیا امتحان

خبررساں ادارے2 مارچ 2009

قذافی سٹڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے سری لنکا کے اسکور606 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 110 رنز بنالئےہیں۔

https://p.dw.com/p/H4IU
سری لنکا کی ٹیم نے پاکستانی بلے بازوں کے سامنے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہےتصویر: AP

کھیل کے دوسرے دن سری لنکا نے اپنی اننگز 317 رنز پر دوبارہ شروع کی تو سمارا ویرا اور دلشان نے پاکستان کے کمزورباوٴلنگ اٹیک کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے میدان کے چاروں طرف اسٹروک کھیلے اور اسکور کارڈ کو تیزی سے آگے بڑھایا،سری لنکا کے مڈل آرڈر بیٹسمین سمارا ویرا نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنا کرمنفرد اعزاز حاصل کیاجب کہ دلشان اور کمارسنگاکارا نے بھی سنچریاں اسکور کیں۔

سماراویرا اور دلشان کے آوٴٹ ہونے کے بعد سری لنکا کے بلے باز عمر گل کی تباہ کن باوٴلنگ کا مقابلہ نہ کر سکے اور پوری ٹیم 606 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی۔ مہمان ٹیم کی طرف سے سماراویرا 214،سنگاکارا 104اور دلشان 145 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے عمر گل نے شاندار باوٴلنگ کا مظاہرہ کرتے ہو ئے چھ کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا جب کہ یاسر عرفات اور اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے محمد طلحہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ لیگ اسپنردنیش کنیریا سینتا لیس اوورز میں کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کاآغاز سلمان بٹ اور خرم منظور نے کیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو 110 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ سلمان بٹ 48 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ بٹ کے آؤٹ ہوتے ہی امپائرز نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام کا اعلان کردیا۔خرم منظور 59 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔