1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لبنان میں ایک بین الاقوامی ٹرائی بیونل کے قیام کی منظوری

26 نومبر 2006

لبنان میں ملکی کابینہ نے سابق وزیر اعظم رفیق الحریری کے قتل کی تحقیقات کےلئے ایک بین الاقوامی ٹرائی بیونل کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ حزب اللہ کے مستعفی ہو جانے والے وُزراء کی شرکت کے بغیر کیا گیا۔ ایسے میں خدشہ ہے کہ امریکہ نواز وزیر اعظم فُواد سِنیورا کے شام مخالف دھڑے اور حزب اللہ اور سربراہِ مملکت ایمیل لاہود کے گرد جمع شام نواز کیمپ کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

https://p.dw.com/p/DYIG
لبنان کے سابق وزیر اعظم رفیق الحریری
لبنان کے سابق وزیر اعظم رفیق الحریریتصویر: AP

سِنیورا نے کابینہ کی طرف سے اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں تشکیل دئے جانےوالے اِس ٹرائی بیونل کی منظوری کا دفاع کیا اور کہا کہ اس فیصلے کا مقصد کسی کو اشتعال دلانا نہیں ہے۔

اِس ٹرائی بیونل کا مقصد یہ پتہ چلانا ہے کہ فروری سن 2005ء میں ایک بم دھماکے میں سابق وزیر اعظم رفیق الحریری کے قتل کے واقعے کے پس پردہ اصل حقائق کیا ہیں۔ اقوامِ متحدہ ہی کے تحت قائم ایک تحقیقاتی کمیشن اِس سے پہلے شام اورلبنان کی خفیہ سروسز کو اِس واقعے کا ذمہ دار قرار دے چکا ہے۔

اقوامِ متحدہ کا ادارہ گذشتہ منگل کے روز لبنانی وزیر صنعت پیعیر جیمائیل کے قتل کی تحقیقات میں بھی مدد کرے گا۔ دریں اثناء اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی سفیر جون بولٹن نے جیمائیل کے قتل کو ایک سازِش سے تعبیر کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا، چند ہفتے پہلے وائٹ ہاؤس نے یہ کہا تھا کہ ایران اور شام حزب اللہ کی وساطت سے لبنان کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹ دینا چاہتے ہیں اور یہ کہ پیعیر جیمائیل کا قتل اِسی سازش کی جانب پہلے قدم کی حیثیت رکھتا ہے۔