1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'لشکرطیبہ امریکہ اور یورپ میں حملے کی اہلیت رکھتی ہے'

17 فروری 2011

امریکہ نے کہا ہے کہ کالعدم پاکستانی عسکری گروپ لشکر طیبہ یہ اہلیت رکھتا ہے کہ وہ یورپ اور امریکہ میں حملے کرسکے۔

https://p.dw.com/p/10IKH

انسداد دہشت گردی کے امریکی ادارے’National Counterterrorism Center‘ کے ڈائریکٹر مائیکل لائیٹر نے سینیٹ کو بدھ کے روز بتایا کہ ایسے شواہد ملے ہیں، جن سے پتہ چلتا ہے کہ لشکر طیبہ کے دائرہ کار میں اضافہ ہورہا ہے۔ سال 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے حملوں کا الزام بھی لشکر طیبہ پر عائد کیا جاتا ہے۔

مائیکل لائیٹر کے بقول لشکر طیبہ کی اس اہلیت کے باوجود ابھی تک اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لشکر کی طرف بھارت میں اس طرح کی کوئی اور کارروائی خطے کو عدم استحکام کا شکار بنا سکتی ہے۔

Lashkar-e-Taiba Afghanistan Taliban
مائیکل لائیٹر کے بقول لشکر طیبہ کی طرف سے حملے کی اہلیت کے باوجود ابھی تک اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیاتصویر: AP

واضح رہے کہ لشکر طیبہ پر الزام عائد ہے کہ سن 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی اسی نے کی تھی۔ ان حملوں کے نتیجے میں وہاں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارتی حکومت ان حملوں کے بعد سے پاکستان پر مسلسل دباؤ ڈالے ہوئے ہے کہ وہ اس کالعدم تنظیم کے خلاف موثر کارروائی کرے اور ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ان حملوں کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ جاری امن مذاکرات معطل کر دیے تھے اور تب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

دوسری طرف پاکستان کا مؤقف ہے کہ بھارت کی طرف سے صرف الزامات سامنے آرہے ہیں اور ابھی تک ایسے ٹھوس ثبوت مہیا نہیں کیے گئے، جن کی بنیاد پر کسی شخص کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید