1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن: چاقو سے حملہ، ایک خاتون ہلاک، پانچ افراد زخمی

کشور مصطفیٰ4 اگست 2016

برطانوی دارالحکومت لندن کے سینٹرل پارک میں چاقو سے کیے گئے ایک حملے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دیگر پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JbHP
تصویر: picture alliance/ZUMA Press/T. Akmen

یہ واقع بدھ کو رات گئے وسطی لندن کے رسل اسکوائر میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر چھ افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں سے ایک خاتون بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

حکام کے مطابق تفتیشی عمل ابھی ابتدائی مراحل میں ہے جبکہ دہشت گردی کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ لندن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حملہ آور کو بھی اگلے پانچ منٹ میں ٹیزر گن کی مدد سے گرا کر گرفتار کر لیا گیا تھا۔

لندن کے میئر صادق خان نے اس نیس سالہ لڑکے کے چھری کے ساتھ حملے کے بعد عوام سے چوکس رہنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم یہ بھی بتایا ہے کہ یہ دہشت گردی کی کارروائی نہیں تھی۔

میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے تاہم دہشت گردی بھی ایک محرک ہو سکتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب ایک فورینسک کیمپ قائم کر لیا ہے۔

Großbritannien Messerattacke in London
ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہےتصویر: Reuters/N. Hall

میٹرو پولیٹن پولیس اسسٹنٹ کمشنر مارک رؤلی نے صحافیوں کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والی خاتون کی عمر 60 سال تھی اور حملہ آور 19 برس کا ہے۔ حملہ آور ایک ہسپتال میں پولیس کی نگرانی میں ہے۔ پولیس کمشنر نے حملہ آور کی ذہنی حالت کو اس حملے کا ایک اہم محرک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں خصوصی انکوائری کی جا رہی ہے۔

لندن کے نو منتخب میئر صادق خان نے اس حملے سے خوفزدہ ہو جانے والے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں اور چوکنا رہیں۔ صادق خان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اُن کی اولین ترجیح ہے۔