1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن کی ستائیس منزلہ رہائشی عمارت آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں

مقبول ملک اے ایف پی
14 جون 2017

برطانوی دارالحکومت کی ایک ستائیس منزلہ رہائشی عمارت بدھ کو علی الصبح آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔ فائر بریگیڈ کے سینکڑوں ارکان آگ بجھانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ کم از کم پینتیس افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/2efIQ
Großbritannien Großbrand in Londoner Hochaus
تصویر: Reuters/T. Melville

لندن سے بدھ چودہ جون کی صبح موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ آگ مغربی لندن کی رہائشی اپارٹمنٹس والی ایک بلند و بالا عمارت گرَین فَیل ٹاور میں لگی، جو عرف عام میں ٹاور بلاک کہلاتی ہے۔

Großbritannien Großbrand in Londoner Hochaus
تصویر: Reuters/T. Melville

یہ آگ بدھ کو علی الصبح اس وقت لگی، جب اس عمارت میں رہنے والے سینکڑوں افراد اپنے اپنے گھروں میں ابھی سوئے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق فائر بریگیڈ کے قریب دو سو کارکن آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ خدشہ ہے کہ بہت سے لوگ ابھی تک اس عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ تاحال نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ آگ اس عمارت کے بالائی منزلوں میں سے ایک میں اس وقت لگی ہوئی، جب ابھی اندھیرا تھا اور یکدم لوگوں کے چیخنے کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔ اسی دوران اس عمارت کی سب سے اوپر والی منزل کی ایک کھڑکی سے ایک شخص کو مدد کے لیے ہوا میں ایک سفید چادر لہراتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

Großbritannien Großbrand in Londoner Hochaus
تصویر: Imago/Kyodo News

اس دوران یہ آگ دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی اور اس نے اس ٹاور بلاک کی کئی دیگر منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد اب تک کم از کم بھی 35 بنتی ہے، جنہیں علاج کے لیے لندن شہر کے پانچ مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا جا چکا ہے۔

آخری خبریں آنے تک آگ لگنے کے قریب چار گھنٹے بعد تک بھی اس بہت بلند عمارت کا اوپر والا آدھے سے زیادہ حصہ شعلوں کی لپیٹ میں تھا اور دور سے دیکھنے پر عمارت کی بہت سی بالائی منزلیں آگ کے دھوئیں کی وجہ سے پوری طرح سیاہ ہو چکی دکھائی دے رہی تھیں۔

لندن فائر بریگیڈ کے مطابق اس 27 منزلہ عمارت میں لگنے والی آگ 26 ویں منزل سے شروع ہوئی۔ ابھی تک فائر بریگیڈ کے سینکڑوں کارکن اپنی درجنوں گاڑیوں کے ساتھ موقع پر موجود ہیں اور شعلوں پر قابو پانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ درجنوں ایمبولینسیں بھی موقع پر موجود ہیں۔

اس عمارت میں، جو 1970ء کے عشرے میں تعمیر کی گئی تھی، 120 رہائشی فلیٹ ہیں۔ یہ عمارت نوٹنگ ہل کے قریب نارتھ کَینسِنگٹن کے علاقے میں ہے، جسے عام طور پر کام کاج کرنے والے سماجی طبقے کا رہائشی علاقہ قرار دیا جاتا ہے۔

اس آگ کی وجہ سے لندن انڈر گراؤنڈ کا لیٹیمر روڈ نامی قریبی اسٹیشن حفاظتی طور پر معمول کی زیر زمین ریلوے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔