1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن کی پہچان ’ہیرڈز‘ قطری ملکیت میں

8 مئی 2010

مصری ارب پتی تاجر محمد الفائد نے لندن کی پہچان سمجھا جانے والا مشہور زمانہ ڈیپارٹمنٹل سٹور Harrods قطر کے شاہی خاندان کو فروخت کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ سٹور 1.7 بلین یورو میں فروخت کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/NJL6
تصویر: picture-alliance / HB Verlag

الفائد خاندان کے مشیران کے جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ الفائد فیملی نے قطر کے اس شاہی خاندان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہیرڈز گروپ کو فروخت کر دیا ہے۔ الفائد فیملی کے مشیران ’لازارڈ‘ کے مطابق الفائد 25 برسوں تک مسلسل اس گروپ کی نگرانی کرتے رہے ہیں اور اب وہ ریٹائر ہو کر زیادہ وقت اپنے گھر والوں اور بچوں کے ساتھ گزارنے کے خواہشمند ہیں۔محمد الفائد کے بیٹے ڈوڈی 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں برطانوی شہزادی ڈیانا کے ہمراہ ہلاک ہوگئے تھے۔ محمد الفائد مسلسل دس برس تک یہ کوشش کرتے رہے کہ کسی طرح یہ ثابت کیا جا سکے کہ ان کے بیٹے کی ہلاکت کا واقعہ صرف ایک کار حادثہ نہیں تھا۔ ڈوڈی الفائد اور شہزادی ڈیانا کے یاد میں ہیرڈز میں تعمیر کیا گیا مقبرہ وہیں رہے گا اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

Diana Todestag
ہیرڈز ڈ اسٹور کی ایک کھڑکی میں شہزادی ڈیانا اور ڈوڈی الفائد کی تصاویرتصویر: AP

لندن میں ’نائٹس برج‘ کے علاقے میں قائم ہیرڈز نامی ڈیپارٹمنٹل سٹور دنیا کے بہترین شاپنگ سینٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ دنیا بھر سے لندن جانے والے سیاح اور نامور شخصیات اسی سٹور سے شاپنگ کرنا پسند کرتے ہیں۔

لازارڈ انٹرنیشنل کے چیئرمین کین کوسٹا نے اپنے ایک بیان میں کہا: ’’25 برسوں تک ہیرڈز کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے کے بعد محمد الفائد اب زیادہ وقت اپنے بچوں اور گھر والوں کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔‘‘ کین کوسٹا کے مطابق محمد الفائد نے ہیرڈز کو ایک بین الاقوامی برانڈ بنایا اور ان کی خواہش ہے کہ ہیرڈز کا یہ مقام قائم رہے۔

قطر ہولڈنگ اس سٹور کے سن 1840ء میں قیام کے بعد سے اب تک اس کی پانچویں مالک کمپنی ہے۔ کین کوسٹا نے کہا کہ محمد الفائد نے بہت سوچ بچار کے بعد اس سٹور کو قطر ہولڈنگ کے ہاتھ بیجنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک