1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’لہو اور تلوار کے گیت‘‘فاطمہ بھٹو کی نئی کتاب

8 مئی 2010

مرتضی بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو نے اپنی یاداشتوں پر مبنی کتاب ’’لہو اور تلوار کے گیت‘‘ میں اپنے والد کی ہلاکت کی اخلاقی ذمہ داری مرحومہ بے نظیر بھٹو پر عائد کی ہے۔

https://p.dw.com/p/NJ7M
تصویر: AP

اپنی پھوپھی یعنی بے نظیر بھٹو سے مشابہت رکھنے والی فاطمہ نے اس کتاب میں اپنی آنٹی پر اقتدار کی ہوس رکھنے اور اپنے ہی بھائی میر مرتضی بھٹو کے قتل کی ذمہ داری جیسے الزامات لگائے ہیں۔ فاطمہ نے نئی دہلی میں اپنی کتاب کے تشہیر کے موقع پر اے ایف پی کو بتایا: ’’ میری ہمیشہ سے خواہش تھی کہ میں اپنے والد کی یاداشتوں کو ایک کتاب کی شکل میں منظر عام پر لاؤں‘‘۔

اپنی کتاب ’’لہو اور تلوار کے گیت‘‘ میں فاطمہ نے اپنے والد کے قتل کی منظر کشی کی ہے۔ فاطمہ لکھتی ہیں کہ یہ بے نظیر بھٹو کے راستے سے ’’ایک باغی‘‘ کے ہٹائے جانے کی کوشش تھی جس میں اس وقت کی حکومت کا ہاتھ تھا۔ بے نظیر بھٹونے اپنے بھائی کے قتل کو سیاسی مخالفین کی سازش قرار دیا تھا۔

Pakistan Benazir Bhutto Anhänger in Lahore Trauer Kerze
اعلیٰ پاکستانی حکام کی جانب سے بے نظیر کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے کا عزم دہرایا جاتا ہےتصویر: AP

فاطمہ کہتی ہیں کہ انہوں نے یہ کتاب اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کرنے ،عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے اور اپنے والد کے برے امیج کو اچھا کرنے کے لئے لکھی ہے۔

پاکستان کے مقبول سیاسی خاندان ’’بھٹو‘‘ کو اس وقت غم کے بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لیا جب پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذولفقار علی بھٹو کو 1979ء میں جنرل ضیاء الحق کی فوجی آمریت کے دوران پھانسی دے دی گئی۔ اس کے بعد کی ہر دہائی میں بھٹو خاندان کے کسی نہ کسی فرد کی ناگہانی ہلاکت ہوئی۔

ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد ان کے دونوں بیٹوں مرتضی اور شاہنواز نے ’’الذولفقار‘‘کے نام سے ایک گوریلا تنظیم بنائی جس کا مبینہ مقصد اپنے والد کا بدلہ لینا اور جنرل ضیاء الحق کی حکومت ختم کرنا تھا۔ اس تنظیم پر فائرنگ اور بم دھماکوں میں ملوث ہونے اور 1981 میں پاکستانی مسافر طیارے کو اغوا کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔

Bildgalerie Pakistan Benazir Bhutto mit Familie 1978
بھٹو خاندان: ذولفقار علی بھٹو، نصرت بھٹو، بے نظیر بھٹو، مرتضیٰ بھٹو، شاہنواز بھٹو، صنم بھٹوتصویر: AP

فاطمہ بھٹو نے اپنی کتاب میں ان الزامات کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کی ۔ ان کے بقول اس کام کے لئے انھوں نے چھ سال تک اپنے والد کے ساتھیوں کی کھوج لگائی اور معلومات اکٹھی کیں۔

اپنی کتاب میں فاطمہ بھٹو نے اپنی پھوپھی بے نظیر کو جہاں تنقید کا نشانہ بنایا وہی ان کے ساتھ گزارے ہوئے اچھے دنوں کا حوالہ بھی دیا ہے۔ فاطمہ لکھتی ہیں کہ جب وہ چھوٹی تھیں تو بے نظیر ان کی پسندیدہ آنٹی تھیں جو ان کے ساتھ کھیلتی تھیں اور انہیں کہانیاں سنایا کرتی تھی۔ فاطمہ کے مطابق اقتدار میں آنے بعد بے نظیر بہت بدل گئی تھیں۔ فاطمہ اور ان کے دونوں بھائی بے نظیر بھٹو کے بچوں سے کوئی رابطہ نہیں رکھتے۔ فاطمہ کے مطابق ’’ان سے رابطے کے دروازے بہت پہلے بند ہوگئے تھے‘‘۔

رپورٹ: بریشنا صابر

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید