1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماحولیات سے متعلق کانفرنس میں اختلافات

9 دسمبر 2009

کوپن ہیگن میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام جاری ماحولیاتی کانفرنس میں ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ملکوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/KxmF
تصویر: AP

منگل آٹھ دسمبر کو چین نے یورپی یونین، امریکہ اور جاپان پر الزام عائد کیا کہ وہ کاربن گیسوں کے اخراج میں انتہائی معمولی کمی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ دوسری جانب گروپ 77 میں شامل ملکوں کے نمائندوں نے ڈنمارک کے مسودہ کو موسمیاتی تبدیلی پر سیاسی معاہدے کی کامیابی کے لئے ایک خطرہ قرار دیا ہے۔ تاہم ابھی تک اس مسودے کے مواد کو سرکاری طور پر جاری نہیں کیا گیا ہے۔

گروپ 77 کے رہنما اورسوڈان کے نمائندے لومومبا نے کہا کہ وہ اور گروپ میں شامل تمام ممالک کوپن ہیگن کانفرنس کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گروپ 77 میں شامل ممالک کسی بھی ایسے معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے، جو برابری کے اصولوں کے منافی ہو۔’’ہم کسی بھی ایسی ڈیل کی مخالفت کریں گے، جس میں دنیا کی اسی فی صد آبادی کی مذمت کی جائے۔‘‘

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کوپن ہیگن کانفرنس سے بہت ساری توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں۔ بان کی مون نے امید ظاہر کی ہے کہ کانفرنس میں شریک عالمی رہنما کوپن ہیگن کانفرنس میں کاربن گیسوں کے اخراج میں واضح حد تک کمی لانے کے حوالے سے کسی نہ کسی معاہدے پر ضرور متفق ہوجائیں گے۔

China Climate Change
تصویر: AP

اس عالمی کانفرنس میں چین کے ایک نمائندے سُو وی کا کہنا تھا کہ ماحول کو تباہی سے بچانے کی بہت زیادہ ذمہ داری طاقتور ترین صنعتی ممالک پر ہی عائد ہوتی ہے۔ کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی کی مقدار پر اختلاف، ماحولیات سے متعلق عالمی معاہدے کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ تصور کی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں چین، بھارت اور برازیل ایک طرف جبکہ امریکہ، یورپ اور جاپان دوسری طرف ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں بین الاقوامی کانفرنس کا باقاعدہ آغاز پیر کے روز ہوا۔ بارہ روزہ اس کانفرنس میں دُنیا کے 192 ملکوں‍ کے تقریباً پندرہ ہزار مندوبین اور صحافی شریک ہیں۔ اس سمٹ میں عالمگیر ماحولیاتی تبدیلی اور زمینی درجہء حرارت پر قابو پانے سے متعلق کسی ایسے سمجھوتے پر راضی ہونے کی کوشش کی جائے گی، جو کیوٹو پروٹوکول کا متبادل بن سکے۔

کیوٹو پروٹوکول سن 1997ء میں عمل میں آیا تھا لیکن اُس وقت کے امریکی صدر جارج بش نے اس معاہدے پر دستخط نہیں کئے تھے۔ کوپن ہیگن سمٹ میں 103 حکومتوں کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے، جن میں امریکی صدر باراک اوباما اور جرمن چانسلرانگیلا میرکل بھی شامل ہیں۔ یہ سمٹ اٹھارہ دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

رپورٹ: خبر رساں ادارے/گوہر نذیر گیلانی

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید