1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماریا شارا پووا نے ٹینس کو خیرباد کہہ دیا

27 فروری 2020

روس کی لیجنڈری ٹینس اسٹار ماریا شاراپووا نے مسلسل انجریز کی وجہ سے ٹینس کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان فیشن میگزین ’ووگ‘ اور ’وینیٹی فیئر‘ میں لکھے گئے مضامین میں کیا۔

https://p.dw.com/p/3YVaB
Spanien Tennisprofi Maria Sharapova in Madrid
تصویر: J. Soriano/AFP/Getty Images

شاراپووا پانچ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتنے میں کامیاب رہیں۔ وہ مختلف اوقات میں مجموعی طور پر سترہ ہفتوں تک عالمی نمبر  ایک بھی رہی تھیں۔

ان کو سن 2016 میں ممنوعہ دوا استعمال کرنے پر پندرہ مہینے کی پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اس پابندی کے ختم ہونے کے بعد وہ پوری طرح کھیل میں واپس آنے کی جد وجہد تو کرتی رہیں لیکن کوئی بڑی کارکردگی دکھانے سے قاصر رہیں۔

شاراپووا کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ہی ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں لیجنڈ اور گریٹ چیمپیئن کے الفاظ سے نوازا۔ سربیا سے تعلق رکھنے والے مشہور کھلاڑی نوواک جوکووچ نے انہیں ٹینس کی ایک اسمارٹ کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذہنی طور پر چیمپیئن بننے کی سوچ رکھتی تھیں اور یہ انہوں نے عملی طور پر بھی ثابت کیا۔

Spanien Madrid Scharapowa spielt Mutua Madrid Open
شاراپووا مختلف اوقات میں مجموعی طور پر سترہ ہفتوں تک عالمی نمبر  ایک بھی رہی تھیںتصویر: picture-alliance/Geisler-Fotopress

مختلف انجریز کی وجہ سے گزشتہ دو تین برسوں میں روسی کھلاڑی کے کھیل میں گراوٹ پیدا ہونا شروع ہو گئی اور بتدریج اُن کی عالمی پوزیشن میں کمی آتی گئی۔ وہ ریٹائرمنٹ پر جانے سے قبل تین سو تہترویں پوزیشن پر تھیں۔

رواں برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں بھی وہ بہتر کارکردگی دکھانے سے محروم رہیں تھیں۔ رواں برس کے دوران ٹینس  کو خیرباد کہنے والی وہ دوسری عالمی نمبر ایک ہیں۔ قبل ازیں کیرولین ووزنیاکی بھی انجریز کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکی ہیں۔

Maria Sharapova Australien Melbourne Tennis Australien Open
شاراپووا پانچ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتنے میں کامیاب رہیںتصویر: Getty Images/Hannah Peters

 ماریا شارا پوووا کو ٹینس کھیل میں شہرت اُس وقت حاصل ہوئی جب سن 2004 میں سترہ برس کی عمر میں انہوں نے لندن میں کھیلا جانے والا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن جیتا تھا۔ وہ سن 2005 میں اٹھارہ برس کی عمر میں عالمی نمبر ایک بن گئیں۔ اسی سال وہ یو ایس اوپن بھی جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔ سن 2012 میں وہ ایک ہی وقت میں چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتے والی کھلاڑی بن گئی تھیں۔

روسی علاقے سائبیریا میں پیدا ہونے والی شاراپووا نے چار برس کی عمر میں ٹینس کا ریکٹ پکڑ کر سوچی شہر میں کھیلنے کی ابتدا کی تھی۔ اُس کے والدین چرنوبیل جوہری حادثے کے بعد نقل مکانی کر کے سوچی شہر میں آباد ہوئے تھے۔

ع ح ⁄ ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)