1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماسٹر بلاسٹر کے بلے سے رنز اور ریکارڈز کی برسات

26 فروری 2010

کسی بھی کھیل میں نئے ریکارڈ بنتے ہیں پرانے توڑنے کے لئے لیکن کرکٹ میں جب ریکارڈ بنانے اور عبور کرنے کی بات آتی ہے تو یوں لگنے لگتا ہے جیسے تمام ریکارڈ ماسٹر بلاسٹر سچن ہی قائم کرتے ہیں اور پھر خود ہی انہیں توڑتے بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/MDKk
ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی پہلی ڈبل سنچری بھی ’لٹل ماسٹر‘ نے ہی بنائیتصویر: AP
Indien Cricket Sachin Tendulkar
سچن نے بھارتی شہر گوالیار میں جنوبی افریقہ کے خلاف ڈبل سنچری بنائیتصویر: AP

ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سب سے زیادہ سنچریاں بھی سچن کے نام، ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سب سے زیادہ سنچریاں بھی ’ماسٹر بلاسٹر‘ کے نام، اور اب ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی پہلی ڈبل سنچری بھی ’لٹل ماسٹر‘ نے ہی بنائی۔

Indischer Cricketspieler Sachin Tendulkar
تندولکر اپنی بیوی انجلی کے ہمراہتصویر: AP

سچن نے ابھی بھارتی شہر گوالیار میں جنوبی افریقہ کے خلاف جاری تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں ڈبل سنچری بنائی۔ سچن سے قبل ون ڈے کرکٹ کی ایک اننگز میں انفرادی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر پاکستان کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین سعید انور اور زمبابوے کے چارلس کوینٹری کے پاس تھا۔ انور نے تقریباً تیرہ سال قبل بھارتی شہر چنئی میں بھارت ہی کے خلاف 194 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ سعید انور نے کہا کہ انہیں خوشی ہوئی کہ سچن جیسے ہونہار اور باصلاحیت کرکٹر نے ہی ان کا ریکارڈ توڑا۔

Indischer Cricketspieler Sachin Tendulkar
سچن نے اب تک 154 ون ڈے جبکہ 44 ٹیسٹ وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیںتصویر: AP

سچن رمیش تندولکر اس سال اپریل میں 37 برس کے ہو جائیں گے۔ پچھلے اکیس برسوں سے تندولکر بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ سولہ سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے والے تندولکر نے گزشتہ دو دہائیوں میں کل 93 سنچریاں سکور کی ہیں، 47 ٹیسٹ میچوں میں اور 46 ون ڈے میچوں میں۔ کرکٹ کے ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ میں تندولکر مجموعی طور پر اب تک تیس ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں، سترہ ہزار ون ڈیز جبکہ تیرہ ہزار سے زائد ٹیسٹ میچوں میں۔

اس بھارتی سٹار بیٹسمین نے اپنی بولنگ کے ہُنر اور جلوے بھی دکھائے ہیں۔ سچن نے اب تک 154 ون ڈے جبکہ 44 ٹیسٹ وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

Sachin Tendulkar
تصویر: picture-alliance/ dpa

پندرہ نومبر، سن 1989ء کو کراچی میں پاکستان کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلنے والے تندولکر نے اب تک بین الاقوامی میچوں میں ریکارڈ سنچریاں بنائی ہیں۔ سچن نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پندرہ رنز بنائے تھے، اور پھر وقار یونس کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے تھے۔

صحیح تکنیک سے کھیلنے والے سچن کے پاس سٹروکس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ سچن، بیک فُٹ پر پنچ شاٹ کھیلتے ہیں، آسانی سے پُل اور ہُک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ اپنی کلائیوں کا استعمال کرکے لیٹ کَٹ، فلکس اور گلانسز کے لئے بھی دنیائے کرکٹ میں جانے پہچانے جاتے ہیں۔

مسلسل دو عشروں تک کرکٹ کے میدان پر حکمرانی کرنے والے اس بیٹسمین کے جوش و جذبے میں آج بھی کوئی کمی دکھائی نہیں دیتی۔ آج بھی جب سچن کریز پر قدم رکھتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہی سولہ سالہ بچّہ اپنی بیٹنگ کے جلوے دکھا کر کچھ ثابت کرنا چاہتا ہے!

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں