1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالیاتی منڈیوں میں سخت نگرانی لازمی، انگیلا میرکل

20 مئی 2010

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے برلن منعقدہ ایک مالیاتی کانفرنس کے دوران کہا کہ عالمی برداری کو مل کر مالیاتی نظام میں شفافیت کے لئے نگرانی کے سخت اور منظم ضوابط متعارف کروانا ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/NSnK
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: AP

جرمنی نے زور دیا ہے کہ یورو کو مستحکم بنانے کے لئے مالیاتی منڈیوں میں سخت ضوابط متعارف کروائے جائیں۔ برلن منعقدہ اس بین الاقوامی مالیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جرمن چانسلر میرکل نے کہا کہ مالیاتی منڈیوں میں عالمی سطح پر ٹیکس متعارف کروایا جانا چاہئے، تاکہ اقتصادی بحران کے اثرات پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا: ’’ہم اس بات پر متفق ہیں کہ اب ہم مالیاتی منڈیوں میں ٹیکس متعارف کروانے کے لئے مہم چلائیں گے۔ اور ہم اس حوالے سے اپنا مؤقف کینیڈا میں ہونے والی آئندہ جی ٹوئنٹی سمٹ میں واضح کریں گے۔‘‘

یورپی یونین کے یورو زون کی مشترکہ کرنسی یورو اس وقت شدید دباؤ میں ہے، جس کے نتیجے میں یورو زون کی مجموعی معیشت کو بھی خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔ انگیلا میرکل نے اس حوالے سے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حالات کو قابو میں کرنے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔

جمعہ کو برسلز میں ہو رہی یورپی یونین کے وزرائے خزانہ کی ایک اہم ملاقات سے قبل چانسلر میرکل نے کہا: ’’ہمیں یونین کے استحکام اور اقتصادی نمو سے متعلق معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی میں سختی لانا ہوگی۔‘‘

جمعرات کو برلن منعقدہ کانفرنس میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل، جرمن وزیر خزانہ وولفگانگ شوئبلے، فرانس کی خاتون وزیر خزانہ Christine Lagarde اور یورپی یونین کے مالیاتی امور کے کمشنر میشاعیل بارنیئر بھی شامل ہوئے۔

اس کانفرنس کے دوران میرکل نے زور دیا کہ ترقی یافتہ ممالک کو موجودہ صورتحال میں آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور مالیاتی منڈیوں کے لئے شفاف اور سخت ضوابط متعارف کروانے چاہییں۔ ابھی بدھ کے روز ہی جرمن چانسلر کے ایک بیان کی وجہ سے یورو کی قدروقیمت متاثر ہوئی تھی۔ میرکل نے کہا تھا کہ یورو کرنسی ’خطرے‘ سے دوچار ہے۔

آئندہ ماہ کینیڈا میں جی ٹوئنٹی سمٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یورپی ممالک اس سمٹ میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ برلن کی مالیاتی کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔

Deutschland Frankreich Finzanzminister Christine Lagarde in Berlin
فرانس کی خاتون وزیر خزانہ Christine Lagardeتصویر: AP

انگیلا میرکل نے بیس کے گروپ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ یورو کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وہ بھی اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ ممالک یورو زون کی ریاستوں جیسی مشکلات کا شکار نہیں ہیں، تاہم انہیں یورپی ممالک کے ساتھ مل کر مالیاتی منڈیوں کو مستحکم بنانے کے لئے کام کرنا چاہئے۔ انگیلا میرکل نے کہا: ’’اگر ہم نے ایک عالمگیر نظام اور عالمی طرز حکمرانی رکھنا ہے تو ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔‘‘

دوسری طرف فرانسیسی وزیر خزانہ لاگارد نے کہا ہے کہ یورو کو کوئی خطرات لاحق نہیں ہیں۔ انہوں نے ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا: ’’یورو ایک مستحکم اور پائیدارکرنسی ہے۔ میں یہ بالکل نہیں سمجھتی کہ یورو کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔‘‘

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے یورو کی قدروقیمت میں اتنی کمی ہوئی تھی کہ عالمی منڈیوں میں یہ قیمت گزشتہ چار سال کے دوران اپنی سب سے نچلی سطح پر آ گئی تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں