1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ماما پولیس‘: مالک کو چھاپے سے خبردار کرنے والا طوطا گرفتار

شمشیر حیدر
26 اپریل 2019

برازیل میں پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپا مارا تو اس شخص کا طوطا پولیس کو دیکھتے ہی چلا اٹھا ’ماما پولیس‘۔

https://p.dw.com/p/3HUKY
Deutschland Halsbandsittich in NRW
تصویر: picture-alliance/blickwinkel/T. Will

برازیلی پولیس کا ایک منشیات فروش کی گرفتاری کے لیے مارا گیا چھاپا اس وقت ناکام ہوتے ہوتے بچا جب منشیات فروش کا طوطا پولیس کو دیکھتے ہی اپنے مالک کو خبردار کرتے ہوئے پرتگالی زبان میں چلا اٹھا ’ماما، پولیس‘۔

واشنگٹن پوسٹ نے مقامی میڈیا کے حوالے سے لکھا ہے کہ پولیس نے پیر بائیس اپریل کے روز چھاپا مارا تھا۔ طوطے کے خبردار کرنے کے باوجود منشیات فروش بروقت فرار ہونے میں ناکام رہا اور اسے برازیلی پولیس نے حراست میں لے لیا۔

منشیات اسمگل کرنے والے برازیلی شہری کے ’معاون‘ طوطے کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق برازیلی پولیس کے ایک اہلکار نے طوطے کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا، ’’یقینی طور پر طوطے کی اس کام کے لیے تربیت کی گئی تھی۔ جوں ہی پولیس مکان کے قریب پہنچی، طوطے نے چلانا شروع کر دیا۔‘‘

برازیلی ٹی وی چینل آر سیون پر چھاپے کے بعد کے مناظر جاری کیے گئے جس میں دیکھا گیا کہ گرفتاری کے بعد طوطا ’تابعدارانہ انداز‘ میں اس گھر کے ایک میز پر موجود ہے۔

بعد میں ایک اہلکار اسے ہاتھ پر بٹھا کر تھانے لے گیا تب بھی طوطا خاموشی سے اس کے ہاتھ پر بیٹھا رہا۔ گرفتاری کے بعد پولیس اہلکاروں نے اس طوطے سے گفتگو کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے خاموشی ہی اختیار کیے رکھی۔

برازیل میں اس طوطے کی گرفتاری کی خبریں سامنے آنے کے بعد جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کی جانب سے اس کی رہائی کے مطالبے بھی سامنے آنا شروع ہو گئے۔

ایک ماحول دوست کارکن جیکلین لسٹوسا نے ایک مقامی چینل کو بتایا کہ وہ پرندے کو آزاد کرانے کے لیے کئی مرتبہ پولیس اسٹیشن گئیں، تاہم پولیس نے اسے رہا نہیں کیا۔

ایک مقامی چینل نے جمعرات کے روز بتایا کہ اس طوطے کو چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اہلکار اس طوطے کو اڑنا سکھائیں گے جس کے بعد اسے آزاد کر دیا جائے گا۔