1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مانچسٹر:  پاپ اسٹار کے کنسرٹ پر مبینہ  دہشت گردانہ حملہ

23 مئی 2017

مانچسٹر میں امریکی پاپ اسٹار کے کنسرٹ کے دوران ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم بائیس افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوئے گئے ہیں۔ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/2dPZA
Großbritannien Polizeieinsatz nach Explosion in Manchester
تصویر: picture-alliance/abaca

   برطانوی پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکا اس وقت ہوا، جب شائقین امریکی پاپ اسٹار آریانا گرینڈے کا کنسرٹ ختم ہونے کے بعد ہال سے باہر آ رہے تھے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کے بعد آہنی کیلیں ہر جانب پڑی ہوئی دکھائی دیں، جس سے شک ہوتا ہے کہ یہ ایک دہشت گردانہ کارروائی تھی۔

 کچھ عینی شاہدین نے تو اسے ایک خود کش حملہ قرار دے دیا ہے۔ تاہم برطانوی پولیس کی  جانب سے ابھی تک ان خبروں کی تصدیق نہیں کی گئی۔ پولیس نے صرف اتنا کہا ہے کہ فی الحال یہ دہشت گردی دکھائی دیتی ہے۔  بتایا گیا ہے کہ گرینڈے کے اس کنسرٹ میں تقریباً اکیس سو لوگ شریک تھے۔  ایک عینی شاہد کے بقول جیسے ہی پاپ اسٹار نے اپنا آخری گیت گانے کے بعد شکریہ مانچسٹر کہا، زوردار دھماکے کی آواز آئی۔

Großbritannien Polizeieinsatz nach Explosion in Manchester
تصویر: Getty Images/AFP/P. Ellis

آریانا گرینڈے نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ان کے پاس اس واقعے کی مذمت کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، ’’میں اپنے مداحوں سے معذرت خواہ ہوں۔‘‘ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے ہلاک و زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا  کہ اس واقعے کے ذمہ داروں تک پہنچنے کے لیے تمام تر ذرائع بروئے کار لائیں جائیں گے۔ مے اور حزب اختلاف کے رہنما جیریمی کاربن نے فوری طور پر اپنی انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ میں آٹھ جون کو پارلیمانی انتخابات ہونا ہے۔ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مہم دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ صلاح و مشورے سے کیا جائے گا۔

     

مانچسٹر پولیس کے سربراہ آئن ہوپکنس کے بقول جب تک مزید تفصیلات سامنے نہیں آتیں، اس وقت تک اسے دہشت گردی کی ایک کارروائی تصور کیا جائے گا۔ ابھی تک کسی بھی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔