1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مبارک اب ایک خطرناک سکیورٹی رِسک: تبصرہ

11 فروری 2011

مصر کے صدر حسنی مبارک اپنے عہدے سے مستعفی ہونے سے بدستور انکار کر رہے ہیں۔ ڈوئچے ویلے کے تبصرہ نگار رائنر زولِش کے مطابق ایسا کرتے ہوئے وہ خود زیادہ سے زیادہ ایک خطرناک سکیورٹی رِسک بنتے جا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10FXo
قاہرہ: تحریر چوک میں مظاہرےتصویر: AP

ایک بار پھر تمام پیشین گوئیاں اور ساری اُمیدیں غلط ثابت ہوئیں۔ حسنی مبارک اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ وہ اقتدار نہیں چھوڑیں گے۔ اگرچہ اِس بار اِس سلسلے میں افواہیں، جن کا مقصد جانے کیا تھا، غالباً براہِ راست مصری فوج اور اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں کی جانب سے پھیلائی گئی تھیں۔

یہاں تک کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے بھی مبارک کے استعفے کا امکان ظاہر کر رہی تھی۔ تاہم قاہرہ اور مصر کے دیگر شہروں کی سڑکوں پر احتجاج کرنے والے انسانوں کے ہجوم کی اُمیدیں ایک بار پھر خاک میں مل گئیں۔ اِن انسانوں کے اندر بے پناہ غصہ ہے، جو قابلِ فہم بھی ہے۔ یہ صدر اپنی قوم کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک غلیظ کھیل کھیل رہا ہے۔

NO FLASH Ägypten Mubarak wendet sich an Ägypter
مصری صدر حسنی مبارک قوم سے خطاب کر رہے ہیں، اِس خطاب میں اُنہوں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے سے انکار کر دیاتصویر: picture alliance/dpa

مبارک نے کہا کہ وہ اپنے عہدے پر موجود رہیں گے لیکن اپنے اختیارات نائب صدر عمر سلیمان کو منتقل کر دیں گے۔ اُنہوں نے اصلاحات کا وعدہ کیا۔ اُنہوں نے خود کو ایک محب وطن اور استحکام کا ضامن قرار دیتے ہوئے سراہا۔ یہ سب کچھ مضحکہ خیز ہے اور انتہا درجے کی ڈھٹائی بھی۔ مصری عوام سماجی انصاف اور سیاسی استحصال بہت زیادہ برداشت کر چکے۔ یہ انسان آزادی اور جمہوریت کے خواہاں ہیں اور اُن کا حق بنتا ہے کہ اور حلقوں کے ساتھ ساتھ یورپ کی جانب سے بھی اُن کی ہر طرح سے تائید و حمایت کی جائے۔

مبارک کی ہَٹ دھرمی کے نتیجے میں احتجاجی تحریک کا ایک حصہ تشدد کی جانب بھی راغب ہو سکتا ہے۔ اِس کے نتائج کچھ بھی ہو سکتے ہیں اور قابو سے باہر ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ ملک میں فوجی بغاوت بھی ہو سکتی ہے۔ مبارک، جو ایک طویل عرصے تک خود کو استحکام کا ضامن قرار دیتے رہے ہیں، اب زیادہ سے زیادہ ایک خطرناک ’سکیورٹی رِسک‘ کی شکل اختیار کرتے جا رہے ہیں، نہ صرف مصر کے لیے بلکہ پورے خطّے کے لیے۔

تبصرہ: رائنر زولِش / امجد علی

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں