1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام مخالف تحريک عالمی سطح پر پھيلتی ہوئی

عاصم سليم6 فروری 2016

جرمنی سے شروع ہونے والی اسلام مخالف تنظيم پيگيڈا ديگر ممالک ميں پھيلتی جا رہی ہے۔ اس تحريک کے حامی افراد آج ہفتے کے روز يورپ کے مختلف شہروں کے علاوہ پہلی مرتبہ آسٹریلیا ميں بھی مظاہرے کر رہے ہيں۔

https://p.dw.com/p/1Hqoq
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Bhandari

آسٹريليا ميں چھ قدامت پسند گروپوں نے دارالحکومت کينبرا ميں اسلام مخالف جرمن تنظيم پيگيڈا کے حق ميں ہفتے کے روز مظاہرہ کيا۔ اطلاعات ہيں کہ تقريباً چار سو افراد نے اس ريلی ميں شرکت کی۔ ريلی کے منتظم جان بولٹن نے بتايا کہ آسٹريلوی سرزمين پر ہونے والا يہ پہلا ايسا مظاہرہ ہے، جس ميں چھ گروپوں کے ارکان نے شرکت کی۔ پيشے کے اعتبار سے ايک وکيل بولٹن کا کہنا ہے کہ آسٹريليا ميں ايسے اسلام کی کوئی جگہ نہيں، جو کسی کو اپنی اہليہ کے خلاف ہاتھ اٹھانے يا کسی چھ سالہ بچی سے شادی کی اجازت دے۔

پيگيڈا نے اپنے مظاہروں کا سلسلہ جرمن شہر ڈريسڈن سے گزشتہ برس کے آغاز ميں شروع کيا تھا۔ ابتداء ميں ہزاروں کی تعداد ميں لوگوں نے پيگيڈا کی ہفتہ وار ريليوں ميں شرکت کی تاہم گزشتہ چند مہينوں ميں جرمنی ميں داخلی سطح پر اس تنظيم کی مقبوليت ميں کمی واقع ہوئی ہے، جو حاليہ ريليوں ميں شرکاء کی گھٹتی ہوئی تعداد سے واضح ہے۔

نيوز ايجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق آج بروز ہفتہ ڈريسڈن کے علاوہ پراگ، ايمسٹرڈيم اور وارسا جيسے چند ديگر يورپی شہروں ميں پيگيڈا کی حمايتی ريلياں نکال رہے ہيں۔

آسٹريلوی دارالحکومت ميں اسلام مخالف ريلی کے انعقاد پر بات کرتے ہوئے ’ری کليم آسٹريليا‘ نامی مہم کے رہنما ڈينيل ايونز نے کہا کہ شرکاء آسٹريلوی ثقافت اور مغربی جمہوری اقدار کے تحفظ کے ليے جمع ہوئے ہيں۔

کينبرا ميں ريلی کے منتظم جان بولٹن نے نئے سال کی آمد کے موقع پر جرمن شہر کولون ميں خواتين کو جنسی طور پر ہراساں کيے جانے کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’ہم ديکھتے ہيں کہ جب اسلام کنٹرول سے باہر ہو، تو کيا ہوتا ہے۔‘‘ ان کا مزيد کہنا تھا، ’’مسلمان مہاجرين الگ تھلگ رہنے کا رجحان ساتھ لے کر آتے ہيں، وہ زيادہ ملنا جلنا نہيں چاہتے، نہ انگريزی سيکھنا چاہتے ہيں اور اسکول تک اپنے ہی بناتے ہيں۔‘‘ بولٹن کے بقول ايسے رجحانات کے اثرات جرمنی اور فرانس ميں نماياں ہيں۔

کينبرا ميں اس ريلی کے انعقاد کے موقع پر بائيں بازو سے تعلق رکھنے والے تقريباً دو درجن افراد نے اس ريلی کی مخالفت ميں احتجاج بھی کيا۔ اسی طرح يورپ کے کئی شہروں ميں بھی پيگيڈا کی مخالفت ميں بھی ريلياں نکالی گئيں۔

کئی مقامات پر پيگيڈا کی مخالفت ميں بھی مظاہرے کيے گئے
کئی مقامات پر پيگيڈا کی مخالفت ميں بھی مظاہرے کيے گئےتصویر: Reuters/J. Blakkarly

آسٹريليا ميں دائيں بازو کے گروپ ملک ميں بسنے والے مسلمانوں کے خلاف ہيں۔ ان کا ماننا ہے کہ زيادہ تر مسلمان در اصل اسلام پسند ہيں، جو قومی سلامتی کے ليے خطرہ ہيں۔ سن 2014 ميں ايک تنہا مسلمان فرد نے سڈنی کے ايک کيفے پر حملہ کر ديا تھا جبکہ گزشتہ برس بھی ايک مسلمان نوجوان نے ايک آسٹريلوی پوليس اہلکار کو قتل کر ديا تھا۔ ايسے واقعات کے سبب چند دھڑے حکام سے مسلمانوں کے خلاف سخت تر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہيں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید