1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

متنازعہ جوہری پروگرام پر پیشرفت ممکن ہے: ایرانی صدر

23 جنوری 2011

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے امید ظاہر کی ہے کہ تہران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے مزید مذاکرات کیے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/101Cg
احمدی نژاد جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لیے پُر امید ہیںتصویر: AP

ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر عالمی طاقتوں اور تہران حکومت کے مابین ہونے والے دو روزہ مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے ہیں جبکہ مزید مذاکرات کے لیے کسی وقت کا تعین بھی نہیں کیا گیا۔

عالمی طاقتوں نے استنبول منعقدہ مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار ایرانی حکومت کو قرار دیا ہے۔ اس صورتحال میں کئی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔ مغربی ممالک کو خدشہ لاحق ہے کہ تہران حکومت اپنے متنازعہ جوہری پروگرام سے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنا چاہتی ہے تاہم ایران ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے مؤقف پر برقرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے۔

ترک شہراستنبول میں منعقد ہونے والے دو روزہ مذاکرات کے دوسرے اور آخری دن یعنی ہفتے کو عالمی طاقتوں کے وفد کی سربراہی کرنے والی کیتھرین ایشٹن نے کہا کہ اگر ایران اپنے جوہری پروگرام کو پرامن ثابت کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنے رویے میں سنجیدگی پیدا کرنا ہو گی۔

EU Außenminister Treffen 10.05.2010 Catherine Ashton
’جوہری ایندھن کے تبادلے کے مجوزہ معاہدہ پر ایران کی مشروط پیشکش ناقابل قبول ہے‘تصویر: Picture alliance/dpa

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے کہا ہے کہ جوہری ایندھن کے تبادلے کے مجوزہ معاہدہ پر ایران کی مشروط پیشکش ناقابل قبول ہے۔ ایران بضد ہے کہ کسی بھی معاہدے سے پہلے اس پرعائد پابندیاں ختم کی جائیں اور یورینیم افزودہ کرنے کے ایرانی حق کو تسلیم کیا جائے۔

کیتھرین ایشٹن نے کہا ہے:’’ ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر پیشرفت ممکن ہے تاہم اس کے لیے ایرانی حکام کو مثبت رویہ ظاہر کرنا ہوگا، مزید مذاکرات کے لیے راستے کھلے ہیں اور اس حوالے سے انتخاب کا راستہ ایرانی حکومت کے پاس ہے۔‘‘

ان مذاکرات کی ناکامی کے بعد تاہم ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے اتوار کو کہا:’’ اگر دوسرا فریق قانون، انصاف اور باہمی احترام کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتا ہے تو مذاکرات کے دوسرے دور میں اہم پیشرفت ممکن ہے۔‘‘ براہ راست نشر ہونے والے اپنے خطاب میں احمدی نژاد نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے اہم پیش رفت ممکن ہے تاہم اس کے لیے دونوں فریقین کو مذاکرات تعمیری طریقے سے آگے بڑھانا ہوں گے۔

احمدی نژاد نے ان مذاکرات کی ناکامی کے لیے اسرائیل اور اس کے مغربی اتحادیوں کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ میں کچھ ایسے عناصر ہیں جو چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ حل نہ ہو سکے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں