1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد ایموازی ’جہادی جان‘ کیسے بنا؟

کشور مصطفیٰ13 نومبر 2015

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی طرف سے جمعے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فضائیہ نے ’جہادی جان‘ کے نام سے معروف دولتِ اسلامیہ میں شامل برطانوی شدت پسند محمد ایموازی کو شام میں نشانہ بنایا ہے۔

https://p.dw.com/p/1H52h
تصویر: YouTube/The Telegraph/SmashTV

متعدد یورپی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس امریکی فضائی حملے میں محمد ایموازی ’جہادی جان‘ مارا گیا ہے۔ اُدھر جہادی جان کو شام کے علاقے رقّہ میں نشانہ بنائے جانے کے بارے میں منظر عام پر آنے والی ابتدائی خبر میں امریکی حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جمعرات کو عمل میں لائی جانے والی اس کارروائی کے نتائج کا ابھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس بارے میں مناسب وقت پر اضافی معلومات سے آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر کے مہینے ہی میں شامی سرحد کے قریب امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں ایموازی ’جہادی جان‘ کی مبینہ ہلاکت اور اس کی تحقیقات کی خبر منظر عام پر آ چُکی ہے۔

پنٹاگون کے ترجمان پیٹر کک نے کہا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس حملے میں برطانوی شہری محمد ایموازی ہلاک ہوا یا نہیں۔ محمد ایموازی عرف ’جہادی جان‘ شدت پسند تنظیم آئی ایس کا وہ عسکریت پسند ہے، جس کی کئی ویڈیوز جاری کی جا چکی ہیں۔ اس شدت پسند نے امریکی، برطانوی اور شامی شہریوں سمیت کئی دیگر افراد کے سر قلم کیے تھے۔

Irak Syrien Terrorist IS-Mörder Dschihadi John
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں چھپنے والی تصویرتصویر: SITE Intel Group/Handout via Reuters

’جہادی جان‘ کا پس منظر

ایک خاموش طبع، محبت آمیز بچہ کبھی انتہاپسند تنظیم کا جلاد بن جائے گا، کسی نے اس بارے میں تصور بھی نہیں کیا تھا۔ جہادی جان کی پیدائش کویت میں ہوئی اور اُس کے والدین نے اُس کا نام محمد ایموازی رکھا تھا۔ جب وہ چھ سال کا ہوا تو اُس کی فیملی برطانوی دارالحکومت لندن جا کر آباد ہوگئی۔ لندن کے سماجی اعتبار سے ایک متوسط علاقے نارتھ کنسنگٹن میں ایموازی کا بچین اور نوجوانی کا دور گزرا۔ اُس کے والد ایک ٹیکسی ڈرائیور ہیں۔ بعد ازاں اسی علاقے میں مسلم انتہا پسند نیٹ ورک کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی اور اسے بے نقاب کرنے کا عمل شروع ہوا۔

ایک معمہ

نصف صفحے پر مُشتمل ایک برطانوی اخبار The Sun میں میں 1996ء کے اسکول کا ایک سالانہ کتابچہ شائع ہوا جس میں محمد ایموازی کے بارے میں درج تھا،’’ وہ بچپن میں مانچسٹر یونائیٹڈ فُٹ بال کلب اور ایک پاپ بینڈ 7 S Club کا بڑا فین یا مداح تھا‘‘۔ اس کتاب میں ایموازی نے خود تحریر کیا تھا،’’ میں بڑا ہو کر فُٹ بالر بننا چاہتا ہوں‘‘۔

ایموازی نے بعدازاں ویسٹ منسٹر یونیورسٹی کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں داخلہ لیا اور وہاں سے تعلیم حاصل کرنے لگا۔ اس یونیورسٹی نے بعد میں اس امر کی تصدیق کی تھی کہ محمد ایموازی نام کا ایک طالب علم چھ سال قبل یونیورسٹی چھوڑ کر جا چُکا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ایموازی عُرف جہادی جان پر لگے الزامات پر صدمے اور حیرت کا اظہار کیا تھا۔

Jihadi John Screenshot You Tube The Telegraph Videostill +++NUR ALS BILDZITAT ZU VERWENDEN+++
کویت میں پیدا ہونے والا جہادی جان چھ سال کی عمر سے لندن میں تھاتصویر: YouTube/The Telegraph/SmashTV

اسکائی نیوز کی طرف سے شائع ہونے والی ایک دستاویز میں ایموازی کی تاریخ پیدائش 17 اگست 1988 ء درج ہے ساتھ ہی یہ بھی کہ اُس کی انفارمیشن سسٹم اور بزنس مینیجمنٹ کی ڈگری سے پتہ چلتا ہے کہ اُس نے لُور سیکنڈ کلاس سے امتحان پاس کر کے یہ ڈگریاں حاصل کی تھیں۔

کیا ایموازی خود جہادی جان بننا چاہتا تھا؟

Cage ' کیج‘ نامی ایک گروپ نے ایموازی کے ساتھ کئی سال پر محیط خط و کتابت شائع کی، جس میں کہا گیا کہ ایموازی میں انتہا پسند رجحانات کے جنم لینے کا سبب اُس کا 2009 ء میں تنزانیہ کا پوسٹ گریجویشن ٹرپ بنا۔ ایموازی نے ’کیج‘ کو اپنے تنزانیہ کے اس دورے کے بارے میں کہا تھا کہ وہ تعطیلاتی نوعیت کا تھا تاہم اُس پر صومالیہ میں القاعدہ کے الشباب جنگجوؤں کے گروپ میں شامل ہونے کی منصوبہ بندی کا برطانوی حکام کی طرف سے الزام عائد کیا گیا تھا۔

ان الزامات کے ساتھ ہی تنزانیہ کے دارالحکومت میں گن پوائنٹ پر ایموازی کو ایک رات حراست میں رکھا گیا جبکہ اُسے اور اُس کے دوستوں کو بعد ازاں ایمسٹرڈیم کے راستے واپس برطانیہ بھیج دیا گیا۔ ان دونوں بندرگاہی مقامات پر ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ یہ تفصیلات لندن میں قائم ادارے ’ کیج‘ کی طرف سے شائع ہونے والی خط و کتابت میں موجود ہیں۔

Videostill Mohammed Emwazi alias Dschihadi John
ایموازی کے بارے میں کہا گیا تھا کہ اُس کی تربیت الشباب گروپ نے کی تھیتصویر: Reuters//SITE Intel Group

ایموازی نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس کی حراست کے پیچھے برطانوی خفیہ ایجنسی کا ہاتھ تھا اور یہ کہ اسی ایجنسی نے اُسے جاسوس بننے کی پیش کش کی تھی جسے قبول کرنے سے انکار کے بعد برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی نے کہا تھاکہ وہ اُس کی زندگی کو نہایت مشکلات سے دو چار کر دیں گے اور اُس کا جینا دوبھر ہو جائے گا۔

لندن میں قائم ادارے ’ کیج‘ کے مطابق اپنے والدین کے مشورے پر ایموازی کویت چلا گیا تھا اور وہاں اپنی منگیتر کی فیملی کے ساتھ رہ رہا تھا اور اُس نے کویت میں ایک IT کمپنی میں جاب کر لی تھی۔ سن 2010ء میں وہ دو بار اپنے والدین سے ملنے لندن آیا تھا۔

ایموازی کے بارے میں جو دستاویزات شائع کی گئی ہیں، ان کے مطابق اس کا انتہا پسند نیٹ ورک ’ دی لندن بوائیز‘ سے گہرا تعلق ہے اور اس گروپ کی تربیت الشباب گروپ نے کی ہے۔