محمد عباس کی وینکوور اولمپک مقابلوں میں شرکت
25 فروری 2010وینکوور میں جاری سن 2010ء کے مقابلوں میں چوبیس سالہ محمد عباس پاکستان کے واحد نمائندے ہیں۔ الپائن اسکیینگ ایونٹ میں ساٹھ ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک سو تین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ پاکستانی کھلاڑی نے اپنا مطلوبہ راستہ تین منٹ اکیس سکینڈز میں مکمل کیا۔ جو اس ایونٹ میں پہلے نمبر پر آنے والے کھلاڑی سے 42 سیکنڈ زیادہ تھا۔
محمد عباس پاکستان فضائیہ کے ملازم ہیں اور انہوں نے یہ کھیل باقاعدہ طور پر نہیں سیکھا بلکہ خود ہی اپنے شوق کی وجہ سے اس مقام تک پہنچے۔ وہ اپنے استاد خود ہیں تاہم پاکستان فضائیہ نے بعد ازاں ان کا یہ شوق دیکھنے کے بعد انہیں باقاعدہ تربیت بھی دلوائی اور انہیں وینکوور اولمپک مقابلوں میں کوالیفائی کروانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان فیڈریشن آف اسکیینگ کی طرف سے محمد عباس پہلے بھی کئی عالمی مقابلوں میں شریک ہوچکے ہیں اور انہوں نے اچھا پرفارم کیا ہے۔
رپورٹ عاطف بلوچ
ادارت شادی خان سیف