1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مخلوط جرمن حکومت کا قیام، CDU نے منظوری دے دی

26 اکتوبر 2009

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچیئن ڈیموکریٹک یونین CDU نے پیر کے روز مخلوط حکومت کے قیام کے معاہدے کی باقاعدہ منظوری دےدی ہے۔ اتوار کو فری ڈیموکریٹس نے اس معاہدے کی توثیق کردی تھی۔

https://p.dw.com/p/KFXu
CDU ،CSU اور FDP کے رہنما ایک ساتھتصویر: AP

جرمنی میں اگلے چار برسوں کے لئے نئی مخلوط حکومت کے قیام کے لئے چانسلر انگیلا میرکل کی قدامت پسند جماعت CDU اور فری ڈیموکریٹک پارٹی FDP کے درمیان اصولی معاہدہ ہفتے کو ہی طے پایا تھا۔

ستمبر کے اواخر میں عام انتخابات میں کامیابی کے بعد سے CDU اور FDP کے درمیان حکومت سازی کے لئے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا۔ تاہم دونوں جماعتوں کے درمیان ٹیکسوں میں چھوٹ، بجٹ خسارے میں کمی اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے علاوہ کئی اہم معاملات پر اختلاف رائے موجود رہا۔ ان مذاکرات میں اس اختلاف رائے کو دور کرکے اگلی مدت کے لئے ایک متفقہ لاحہ عمل طے کیا گیا۔ تاہم CDU کی سینیئر قیادت میں ٹیکسوں میں رعایت کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر تحفظات پائے جاتے ہیں۔

FDP-Sonderparteitag
فری ڈیموکریٹس اس معاہدے کی توثیق کرچکے ہیںتصویر: AP

انگیلا میرکل نے FDP کےسربراہ گیڈو ویسٹرویلے سے ملاقات کے بعد سن 2010 کے لئے ٹیکسوں کی چھوٹ کی مد میں 21 بلین یورو کی اضافی رقم پر اتفاق ظاہر کیا تھا۔ اس کے علاوہ دونوں رہنما سن 2011 سے انکم ٹیکس کی مد میں 24 بلین یورو کی رعایت پر بھی متفق ہوگئے تھے۔ تاہم CDU سے تعلق رکھنے والے نئے وزیر خزانہ ووٴلف گانگ شوئبلے نے اپنے ایک بیان میں اس حوالے سے کسی طرح کی کوئی ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔

FDP کی پارٹی کانگریس میں 600 افراد نے شرکت کی۔ اجلاس میں CDU کےساتھ طے پانے والے 124 صفحات کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔ اس معاہدے کے تحت FDP کو پانچ وزارتیں ملی ہیں۔ گیڈوویسٹرویلے مخلوط حکومت میں بطور وزیر خارجہ کے طور پر خدمات سرانجام دیں گے۔

جرمن ایوان زیریں بنڈس ٹاگ باقاعدہ طور پر رواں ہفتے بدھ کے روز انگیلا میرکل کے بطور چانسلر دوسری مدت کے لئے انتخاب کر لے گا۔ اسی روز میرکل اور نئی جرمن کابینہ کی حلف برداری کی تقریب بھی ہو گی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : گوہرنذیر