1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مراکش میں جسم فروشی‘، فرانسیسی ہدایتکار عیوش کی نئی فلم

Joachim Kürten / امجد علی14 اپریل 2016

فرانسیسی ہدایتکار نبیل عیوش کی نئی فلم ’مَچ لَوّڈ‘ کا موضوع مراکش میں جسم فروشی ہے۔ اس میں مراکش میں چار طوائفوں کی زندگی کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ جرمنی میں بھی یہ فلم ایک نئی بحث شروع کرنے کا موجب بنے گی۔

https://p.dw.com/p/1IV9x
Filmstill Much Loved
اس فلم میں مراکش کے ایک صحرائی علاقے کے ایک پُر تعیش مقام پر لوگوں کو شراب و شباب سے دل بہلاتے دکھایا گیا ہےتصویر: Arsenal Filmverleih

2015ء میں کان فلمی میلے میں دکھائی جانے والی اس فلم نے خاص طور پر عرب دنیا میں زبردست ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا کیونکہ جنس، جسم فروشی اور مرد اور عورت کا تعلق ایسے موضوعات ہیں، جن پر شاید ہی پہلے کبھی اتنے واشگاف انداز میں بات کی گئی ہو، جتنی کہ اس فلم میں کی گئی ہے۔ مراکش میں تو اس فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی جا چکی ہے اور کسی اور عرب ملک میں بھی شاید ہی اس کی نمائش ہو سکے۔ اب یہ فلم جرمن سینماؤں میں ریلیز ہو رہی ہے اور یہاں بھی اس پر کوئی ہنگامہ کھڑا ہو سکتا ہے۔

اس فلم میں مراکش کے ایک صحرائی علاقے کا ایک ایسا پُر تعیش مقام دکھایا گیا ہے، جہاں لوگ جشن منا رہے ہیں، شراب پی رہے ہیں، رقص کر رہے ہیں اور ساتھ ساتھ رومانس بھی کر رہے ہیں۔ بادی النظر میں یہاں سکون اور اطمینان کی فضا ہے لیکن مردوں اور عورتوں کے تشخص میں واضح فرق ہے۔ یہاں موجود خواتین جسم فروشی کرتی ہیں جبکہ اُن کے گاہک بڑے شہروں کے امیر کبیر افراد یا پھر خوشحال سعودی باشندے ہیں۔

Film Much Loved von Regisseur Nabil Ayouch
ہدایتکار نبیل عیوش فرانس ہی میں پیدا ہوئے۔ اُن کی والدہ تیونس کی یہودی کمیونٹی سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ باپ مراکش سے تعلق رکھنے والا ایک مسلمان ہےتصویر: Arsenal Filmverleih

یہ فلم دکھاتی ہے کہ کیسے اُن کا ساتھی اور پہریدار ان چاروں کو ایک گاڑی پر اکٹھے یا ایک ایک کر کے مختلف مقامات پر لے جا کر چھوڑتا ہے اور پھر انہیں وہاں سے لیتا ہے۔ اس دوران یہ چاروں خواتین اپنی زندگی، اپنی ملازمت اور اپنے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کے بارے میں خوب باتیں کرتی ہیں۔ فلم بین پر بہت جلد یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ ان خواتین کی ہنسی نمائشی ہے اور اُن کے لیے حقیقت سے فرار کا کام دیتی ہے۔ اُنہوں نے گویا اپنے ارد گرد ایک حفاظتی دیوار بنا رکھی ہے ورنہ وہ شاید اپنی اس زندگی کو برداشت ہی نہ کر پائیں۔

اس فلم کو مراکش میں یہ کہتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کہ اس میں مراکش کی خواتین کی توہین کی گئی ہے۔ باقی عرب دنیا کی طرح مراکش میں بھی جسم فروشی ایک ممنوعہ موضوع ہے لیکن دوسری طرف عرب دنیا کے بہت سے افراد اس ملک کی اسی شہرت کی وجہ سے اس شمالی افریقی ملک کے سفر پر جاتے ہیں۔

ہدایتکار نبیل عیوش فرانس ہی میں پیدا ہوئے۔ اُن کی والدہ تیونس کی یہودی کمیونٹی سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ باپ مراکش سے تعلق رکھنے والا ایک مسلمان ہے۔ اس فلم کی نمائش کے بعد سے نہ صرف عیوش کو قتل تک کی دھمکیاں مل چکی ہیں بلکہ اُن کی اس فلم کی مراکش ہی سے تعلق رکھنے والی ہیروئن کو بھی، جو اس طرح کی دھمکیوں کے بعد مراکش چھوڑ کر فرانس منتقل ہو چکی ہے۔

Filmstill Much Loved
فلم میں ان چاروں طوائفوں کی ہنسی نمائشی ہے اور اُن کے لیے حقیقت سے فرار کا کام دیتی ہے ورنہ وہ اپنی سخت زندگی کو برداشت ہی نہ کر پائیںتصویر: Arsenal Filmverleih

جرمنی میں چَودہ اپریل سے نمائش کے لیے پیش کی جانے والی اس فلم کو اس لیے بھی دلچسپی سے دیکھا جائے گا کہ چند مہینے پہلے سالِ نو کی شب خاص طور پر شمالی افریقی شباہت والے نوجوانوں نے ہی خواتین پر جنسی حملے کیے تھے اور یہ حملے جرمنی ہی نہیں بلکہ پورے یورپ میں ایک بڑی بحث کا باعث بنے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید