1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلم لیگ (ن ) کو حکومت میں شمولیت کی دعوت

شکور رحیم، اسلام آباد12 اپریل 2009

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اتوار کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات میں مسلم لیگ نواز کو دوسری مرتبہ باضابطہ طور پر وفاقی کابینہ میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

https://p.dw.com/p/HVQd
نواز لیگ شروع میں پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت میں شامل تھیتصویر: AP

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دونوں بڑی جماعتوں کا اتحاد ملک کے وسیع تر مفاد میں ہے اور مسلم لیگ نواز کی وفاقی حکومت میں شمولیت سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔ وزیر اعظم ہاؤس کے ذرائع کے بقول شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کو پیپلز پارٹی کی جانب سے میثاق جمہوریت پر مکمل عملدرآمد سے مشروط قرار دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ان خبروں کی بھی سختی سے تردید کی کہ ان کی جماعت وسط مدتی یا مڈ ٹرم انتخابات کے لئے مہم چلا رہی ہے۔

اسی دوران پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر بابر اعوان نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی جماعت میثاق جمہوریت اور قومی مفاہمت کے ایجنڈے پر پوری طرح گامزن ہے اور بقول ان کے اسی لئے احتساب کے "کالے قانون نیب کو ختم کر کے اس کی جگہ ایک نئے قانون کا بل پارلیمنٹ میں پیش" کیا جا رہا ہے۔

اس بل کے خدوخال کی تفصیلات بتاتے ہوئے بابر اعوان نے کہا: ’’اس بل کا نام ہولڈز آف پبلک آفسز اکاؤنٹیبلیٹی ایکٹ 2009 ہے۔ یہ پاکستان میں جمہوریت کی تاریخ بدل دے گا۔ نیا ایکٹ ہم لے کر آ رہے ہیں جس میں احتساب کمیشن ہو گا جو تفتیش اور استغاثہ کا ادارہ ہو گا۔ اس کا چیئرمین وزیر اعظم نامزد کریں گے لیکن وہ خود ذاتی طور پر ایسا نہیں کریں گے بلکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما کے ساتھ اشتراک عمل سے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اپنی سفارشات پیش کرے گی اور وزیر اعظم یہ نامزدگی انہی سفارشات کی روشنی میں کریں گے۔"

Proteste in Pakistan
نواز شریف نے کابینہ میں دوبارہ شمولیت کو میثاق جمہوریت سے مشروط کردیا ہےتصویر: AP

دریں اثناء اتوار ہی کے روز ایوان صدر کی طرف سے بھی دو طرح کی پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ ان میں سے ایک پیش رفت کے تحت صدر آصف علی زرداری نے سوات میں نظام عدل ریگولیشن کا مسودہ پارلیمان میں بحث کے لئے وزیر اعظم کو بجھوا دیا ہے جس پر سوموار کے دن سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بحث کا آغاز متوقع ہے۔

ایوان صدر سے جاری ہونے والے دوسرے اعلامیے کے مطابق صدر نے چیف جسٹس آف پاکستان کی سفارش پر لاہور ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس زاہد حسین کے علاوہ جسٹس(ر)غلام ربانی، جسٹس(ر) محمدسید علی اور جسٹس (ر) ایم اے شاہد صدیقی کو سپریم کورٹ کے جج مقررکر دیاہے جبکہ صدر نے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ ججوں جسٹس رانا بھگوان داس، جسٹس فلک شیراور جسٹس غلام ربانی کو تین نومبر 2007 سے پہلے کی پوزیشن پر بحال کر دیا ہے۔

اعلامیے کےمطابق ان ججوں کی بحالی کا مقصد ریٹائر ہونے والے ججوں کو قانون کے مطابق تنخواہوں اور دیگر مراعات کی فراہمی ہے۔

سیاسی مبصرین وزیراعظم اور صدر کی جانب سے کئے جانے والے حالیہ اقدامات کو پاکستان کے سیاسی اور عدالتی ماحول کے لئے تازہ ہوا کے جھونکے سے تعبیر کر رہے ہیں۔