1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلم مخالف بیانات: یو پی کے وزیر اعلیٰ کی تقریروں پر پابندی

15 اپریل 2019

بھارتی الیکشن کمیشن نے ریاست اتر پردیش کے ہندو قوم پسند بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ اور شعلہ بیان مقرر یوگی ادتیاناتھ کی طرف سے کسی بھی سیاسی اجتماع سے خطاب پر تین دن کی پابندی لگا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/3GniY
یوگی ادتیاناتھ نے اپنے ایک حالیہ خطاب میں مسلمانوں کے لیے ’سبز وائرس‘ کی اصطلاح استعمال کیتصویر: Imago/Hindustan Times/A. Yadav

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے پیر پندرہ اپریل کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق اس پابندی کا مقصد وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اس سیاستدان کو موجودہ انتخابات کے دوران بھارتی ووٹروں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے سے روکنا ہے۔

بھارت میں ملکی پارلیمان کے لیے ان دنوں جو انتخابات ہو رہے ہیں، وہ گزشتہ ہفتے شروع ہوئے تھے اور اگلے ماہ مکمل ہوں گے، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی مئی کے دوسرے نصف حصے میں شروع ہو گی۔ بھارتی الیکشن کمیشن کے ایک حکم کے مطابق یوگی ادتیاناتھ کی تقریروں پر محدود پابندی عائد کرنے کے علاوہ انہیں مختلف سیاسی جلسوں میں ان کی طرف سے اختیار کیے جانے والے متنازعہ موقف کے حوالے سے تنبیہ بھی کر دی گئی ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے، جو ماضی میں بھی کئی بار بہت متنازعہ سیاسی بیانات دے چکے ہیں، گزشتہ ہفتے اپنی ایک تقریر میں ’سبز وائرس‘ کی اصطلاح استعمال کی تھی۔ اس سے ان کی مراد وہ مسلمان ووٹر تھے، جن کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی بی جے پی کی مخالف اپوزیشن سیاسی جماعتیں کوششیں کر رہی ہیں۔

Uttar Pradesh Chief Minister Yogi Adityanath mit Premier Minister Narendra Modi Indien
ایک ہی پارٹی کے دو اہم رہنما: یوگی ادتیاناتھ، دائیں، اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودیتصویر: UNI

روئٹرز کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے لیے اکثریتی ہندو آبادی سے تعلق رکھنے والے ووٹروں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی خاطر کانگریس پارٹی سمیت اپنی کئی حریف سیاسی جماعتوں پر یہ الزامات لگاتی رہی ہے کہ وہ نہ صرف دہشت گردی کے لیے اپنے دل میں نرم گوشہ رکھتی ہیں بلکہ ملک کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت یعنی مسلمانوں کو خوش کرنے کی کوششیں بھی کر رہی ہیں۔ بھارت کی مجموعی طور پر ایک ارب چالیس کروڑ کی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب تقریباﹰ چودہ فیصد بنتا ہے۔

ملکی الیکشن کمیشن کی طرف سے یوگی ادتیاناتھ کی تقریروں پر پابندی لگائے جانے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک ترجمان نے پیر کے روز کہا کہ یہ جماعت اپنے رہنما اور اتر پردیش  کے حکومتی سربراہ یوگی ادتیاناتھ پر پابندی لگانے پر بھی غور کر رہی ہے۔

بی جے پی کے ترجمان نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی ملکی آبادی میں شامل تمام نسلی، سماجی اور مذہبی گروپوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے۔

م م / ا ا / روئٹرز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں