1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشاعیل بالاک نے الوداعی میچ کی پیش کش ٹھکرا دی

18 جون 2011

جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے سابق مایہ ناز کھلاڑی مشاعیل بالاک نے ٹیم کے موجودہ کوچ یوآخم لوو کی جانب سے برازیل کے خلاف الوداعی میچ کھیلنے کی پیش کش ٹھکرا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/11eZB
تصویر: picture alliance/dpa

جرمن ٹیم کے کوچ لوو نے ایک بیان میں واضح کر دیا ہے کہ قومی دستے میں اب بالاک کی جگہ نہیں رہی ہے۔ جرمن ٹیم کے کوچ نے کہا تھا کہ نوجوانوں نے اب جگہ سنبھال لی ہے تاہم پھر بھی بالاک کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ برازیل کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں اعزازی طور پر شرکت کرسکتے ہیں۔

جرمن ٹیم کے قومی کوچ لوو کے بقول، ’’ میرا اندازہ ہے کہ بالاک ہمارے نکتہء نظر سے واقف ہیں، سب کے مفاد میں ایک واضح اور ایماندارانہ فیصلے کو سراہا جائے گا۔‘‘ دوسری جانب بالاک نے لوو کے اس بیان پر قدرے غصیلے انداز میں اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ جرمن ٹیم کے سابق کپتان کے بقول، ’’ اگر ایسا تاثر پیدا کیا جا رہا ہے کہ ذاتی طور پر میرا یا بطور جرمن ٹیم کے کپتان کے میرے کردار کا ایمانداری سے لحاظ رکھا گیا ہے تو یہ منافقت ہے۔‘‘

Joachim Löw Deutschland Belgien Kapitän
جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لووتصویر: AP

بالاک نے پہلے سے طے شدہ ایک دوستانہ میچ کو الوداعی میچ کے طور پر کھیلنے کی دعوت کو ڈھونگ قرار دیا ہے، ’’ میں جانتا ہوں کہ میرے مداحوں کا حق ہے کہ میں برازیل کے خلاف میچ کھیلوں، لیکن سیدھی بات ہے میں یہ دعوت قبول نہیں کر سکتا۔‘‘ بورڈ کے جنرل سیکریٹری وولف گانگ نیئرزباخ نے بالاک کے اس ردعمل پر افسوس ظاہر کیا ہے،’’ مارچ سے قومی ٹیم کے کوچ مشاعیل کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کے ساتھ تمام امور پر انتہائی ایمانداری سے بات کی، وہ اس کا حقدار ہے۔‘‘

کہا جا رہا ہے کہ یوآخم لوو نے مارچ کے وسط میں بالاک پر واضح کر دیا تھا کہ اب قومی ٹیم میں ان کی جگہ نہیں۔

بنیادی طور پر مڈ فیلڈ میں کھیلنے والے بالاک نے 1999ء میں قومی فٹ بال ٹیم کے لیے پہلے بار کھیلنا شروع کیا اور اب تک 98 مقابلوں میں 42 گول کر چکے ہیں۔ زخمی ہونے کے سبب وہ 2010ء کا عالمی کپ نہیں کھیل سکے اور تب ہی سے ٹیم سے باہر ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں