1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوج اور میزائلوں میں کمی کا فیصلہ

19 جون 2021

امریکی فوج کے ہیڈکوارٹر نے مشرقِ وسطیٰ میں تعینات ملکی فوج میں کمی کرنے کی تصدیق کی ہے۔ فوجیوں کی تعداد میں کمی کے ساتھ ساتھ فضائی دفاعی فورسز اور وہاں نصب پیٹریاٹ میزائلوں میں کمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3vDFE
USA Mittelstreckenraketen
تصویر: picture-alliance/abaca

مشرقِ وسطیٰ کے خطے میں امریکی فوجی دستے کم کرنے سے متعلق ایک رپورٹ معتبر جریدے وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہوئی تھی۔ اس رپورٹ کے مندرجات کی اب امریکی محکمہ دفاع کے صدر دفتر پینٹاگون نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

مشرقِ وسطیٰ کے خطے میں امریکی فوج میں کمی، ایئر ڈیفنس یونٹس اور وہاں نصب کئی میزائل بیٹریاں ہٹانے کے بارے میں ایک بیان پینٹاگون نے جمعہ اٹھارہ جون کو جاری کیا۔

شامی بحران : امریکا عراقی اور لبنانی فورسز سے تعاون میں اضافہ کرے گا

فوجی دستوں میں کمی کی تفصیل

پینٹاگون کے مطابق خطے میں امریکی فوجی دستوں میں کمی کے ساتھ ساتھ ایئر ڈیفنس یونٹس بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ آٹھ پیٹریاٹ میزائل بیٹریاں بھی ہٹا لی جائیں گی۔ ہر میزائل بیٹری سے منسلک سینکڑوں فوجی اور سویلین عملہ بھی منتقل کر دیے جائیں گے۔

Irak Bagdad | US-Soldaten bei der Übergabe der Taji Basis an irakische Sicherheitskäfte
عراقی علاقے تاجی میں تعینات امریکی فوجی روانگی کے لیے تیارتصویر: Reuters/T. Al-Sudani

پینٹاگون کی ترجمان کمانڈر جیسیکا مکنلٹی نے واضح کیا کہ ہٹائے جانے والے فوجی یونٹوں کو دوسرے ممالک میں تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے اس فوجی تعیناتی کے لیے نئے ممالک کے نام بتانے سے گریز کیا۔

امریکی فوجی ہیڈکوارٹر کی ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کٹوتی کا فیصلہ خطے میں اتحادی ممالک کے ساتھ رابطہ کاری سے کیا گیا۔ مکنلٹی نے یہ بھی کہا کہ خطے کی سکیورٹی صورت حال پر مسلسل نگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ امریکی فوج کا طاقتور تشخص بھی بحال رکھا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق خطے کی سلامتی سے متعلق امریکی ذمے داریاں پوری کی جائیں گی۔

’’عراق اور افغانستان سے امریکی فوج کا انخلاء ناگزیر‘‘

ایران کے ساتھ تناؤ کم کرنے کی پالیسی

امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ بظاہر ایران کے ساتھ پیدا شدہ تناؤ اور کشیدگی کم کرنے کی کوشش میں ہے۔ ایران کے ساتھ امریکی کشیدگی سن 2019 میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں اپنی انتہا کو پہنچ گئی تھی۔ اس کے بعد ہی خطے میں امریکی فوجی موجودگی کو بڑھایا گیا تھا۔ پیٹریاٹ میزائلوں کی بیٹریوں کی تنصیب عراق، کویت، اردن اور سعودی عرب میں کی گئی تھی۔ ان کے علاوہ انتہائی جدید دفاعی میزائل نظام تھاڈ (THAAD) بھی سعودی عرب منتقل کر دیا گیا تھا۔

MIM-104 Patriot  Raketensystem
امریکی پیٹریات میزائل ہدف کی جانب بڑھتا ہواتصویر: FRANK TREVINO/DoD/picture-alliance

امریکی عسکری تشخص

امریکی فوج افغانستان سے اپنی دستے نکالنے کے بعد بھی عالمی سطح پر اپنے عسکری معاملات اور دلچسپیوں کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ واشنگٹن کو ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں چین کی طرف سے عسکری اور معاشی مسابقت کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ایران اس وقت بھی مشرق وسطیٰ میں خطرے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

عراق: امریکی افواج کا شہری علاقوں سے انخلاء

امریکا اب بھی عراق میں جہادی تنظیم 'اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف بغداد حکومت کے فوجی اقدامات کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ پینٹاگون کی ترجمان کے مطابق اس وقت بھی ہزاروں امریکی فوجی مشرق وسطیٰ میں موجود ہیں، جو وہاں امریکی عسکری تشخص کے علمبردار ہیں۔

ع ح / م م (اے ایف پی)