1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرقی جرمنی میں ٹرین حادثہ، کم از کم 11 افراد ہلاک

30 جنوری 2011

ہفتے کی شب مشرقی جرمن صوبے سیکسنی انہالٹ میں ایک مسافر ٹرین کے حادثے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/107IV
تصویر: picture alliance / dpa

وفاقی جرمن پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب اوشرس لیبین کے قریب واقع ہورڈورف کے علاقے میں ایک ریجنل ٹرین ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے متضاد خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

Zugunglück in Frankreich
حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئےتصویر: AP

حکام کے مطابق حادثے میں بہت سے افراد معمولی زخمی بھی ہوئے جبکہ تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کو آگ لگ گئی اور مسافر بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ ماگڈے برگ سے ہالبرشٹڈٹ جانے والی ہیرس ایلبے ایکسپریس HEX ہفتے کے روز کی آخری ٹرین تھی۔ ان دنوں شہروں کے درمیان سنگل پٹری ہے۔ تاہم ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ اس پٹری پر رات کے وقت مرمت کا کام بھی جاری تھا۔

شمال مشرقی جرمنی میں HEX چلانے والے ادارے Veolia گروپ کے ترجمان نے بھی ابتدائی طور پر اس حادثے کی وجوہات نہیں بتائی ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس ٹرین میں 100 افراد کی گنجائش تھی، تاہم یہ معلوم نہیں کہ حادثے کے وقت اس میں کتنے مسافر سوار تھے۔ دریں اثناء پولیس حکام کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین میں 40 مسافر سوار تھے۔

حادثے کے بعد اس پٹری کو ٹرین ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا جبکہ خصوصی بسوں کے ذریعے مسافروں کو ان کی منزلوں کی جانب روانہ کیا گیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی مال گاڑی بھی ایک نجی کمپنی کی ملکیت ہے۔

حادثے کے بعد فائربریگیڈ اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ امدادی کاموں میں تقریبا 150 افراد شریک ہوئے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں