1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشیل اوباما پیر سے افریقہ کے چھ روزہ دورے پر

19 جون 2011

مشیل اوباما کل پیر سے براعظم افریقہ کے جنوبی حصے کے ایک چھ روزہ دورے پر روانہ ہو رہی ہیں۔ اس دوران وہ نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کرنے والے رہنماؤں سے ملاقاتوں میں افریقہ میں جمہوریت کے فروغ کو اجاگر کرنے کی کوشش کریں گی۔

https://p.dw.com/p/11f3V
تصویر: AP

اپنے اس دورے کے دوران امریکی صدر باراک اوباما کی اہلیہ جنوبی افریقہ میں پریٹوریا، جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن جائیں گی۔ اس کے علاوہ 20 جون پیر کی شام شروع ہو کر 26 جون تک جاری رہنے والے اس دورے کے دوران مسز اوباما بوتسوانہ کے دارالحکومت گابورونے بھی جائیں گی۔ اس دورے کے دوران صدر اوباما تو اپنی اہلیہ کے ساتھ نہیں ہوں گے تاہم ان کی دونوں بیٹیاں مالیا اور ساشا اپنی والدہ کی ہمسفر ہوں گی۔

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے مطابق افریقہ کے جنوبی حصے کے اس دورے کے دوران امریکی خاتون اول جن شعبوں پر سب سے زیادہ توجہ دیں گی، ان میں نوجوانوں میں قیادت کے رجحان کی حوصلہ افزائی، تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

اس دورے پر مشیل اوباما کی والدہ میرین روبنسن اور دو بھتیجے بھی اُن کے ساتھ جائیں گے۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ اس دورے کے پروگرام کے مطابق مشیل اوباما جنوبی افریقہ میں کئی ایسی جگہوں کا دورہ کریں گی، جو وہاں نسلی امتیاز کے خلاف کئی عشروں تک جاری رہنے والی جدوجہد کی علامت بن چکی ہیں۔

Präsident Barack Obama und first lady Michelle Obama Besuch in Brasilien Flash-Galerie
تصویر: AP

منگل کے روز جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما کی اہلیہ اور میزبان فرسٹ لیڈی نومپومیلیلو اینتولی زوما کے ساتھ ملاقات کے بعد مشیل اوباما جوہانسبرگ میں نیلسن منڈیلا فاؤنڈیشن کا دورہ کریں گی۔ وہاں ان کی میزبان موزمبیق کی سابقہ خاتون اول اور جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی اہلیہ گراسا میشل ہوں گی۔

مشیل اوباما کی جنوبی افریقہ میں موجودگی کے دوران اب تک ان کی نیلسن منڈیلا کے ساتھ ملاقات کا کوئی پروگرام طے نہیں ہے کیونکہ آج کل 92 سالہ منڈیلا کافی کمزور ہو چکے ہیں اور ان کی صحت بہت اچھی نہیں ہے۔ کیپ ٹاؤن میں اپنی موجودگی کے دوران مشیل اوباما روبن آئی لینڈ کی اس سابقہ جیل کا دورہ بھی کریں گی، جہاں نسلی امتیاز کے خلاف اپنی جدوجہد کے دوران نیلسن منڈیلا نے 18 سال قید کاٹی تھی۔ منڈیلا نے اپنے وطن میں نسلی بنیاد پر کیے جانے والے امتیازی سلوک کے خلاف اپنی جدوجہد کے دوران مجموعی طور پر27 سال مختلف جیلوں میں گزارے تھے۔

Flash-Galerie Michelle Obama Kleid Rot
تصویر: picture-alliance/dpa

کیپ ٹاؤن کے بندرگاہی شہر میں ہی امریکی خاتون اول نوبل امن انعام یافتہ آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو سے بھی ملیں گی۔ انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں 1984 میں امن کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔

براعظم افریقہ کے جنوبی حصے کے اپنے اس دورے کے آخر میں امریکی خاتون اول بوتسوانہ کے دارالحکومت گابارونے جائیں گی۔ ایک افریقی ریاست کے طور پر بوتسوانہ میں دیرپا جمہوری استحکام کی امریکہ کی طرف سے خاص طور پر تعریف کی جاتی ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں