1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصباح کا فیصلہ پہلے ٹیسٹ کے بعد: اقبال قاسم

21 نومبر 2009

پاکستان کرکٹ بورڈ ’پی سی بی‘ مصباح الحق کے مستقبل کے بارے میں حتمی فیصلہ نیوزی لینڈ میں پہلے ٹیسٹ میچ کے ختم ہونے کے بعد ہی کرے گا۔

https://p.dw.com/p/KcU5
مصباح الحق اپنی ٹیم کے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ، فائل فوٹوتصویر: AP

تین میچوں پر مبنی اس ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی بیٹسمینوں کو نیوزی لینڈ کی سیمنگ وکٹس پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ یونس خان کی غیر موجودگی میں ان مشکلات میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

محمد یوسف نے مصباح الحق کو سکواڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ یونس کی عدم موجودگی سے پیدا شدہ خلا کو کسی حد تک پُر کیا جاسکے۔ تاہم پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم کے مطابق کرکٹ بورڈ ایک ٹیسٹ میچ کا نتیجہ آنے کے بعد ہی اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔

اقبال قاسم نے کہا کہ ابھی تک محمد یوسف نے قومی کرکٹ بورڈ سے مصباح الحق کو ٹیم میں شامل کرنے کے لئے رسمی طور پر نہیں کہا ہے۔ تاہم ’پی سی بی‘ اپنے چیئرمین اعجاز بٹ کا انتظار کر رہا تھا، جو لندن میں تھے۔ لندن سے اعجاز بٹ کی واپسی کے بعد جمعہ کے روز یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایک ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد ہی مصباح الحق کی سلیکشن سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر قاسم نے اس سلسلے میں پاکستانی اخبار ’ڈان‘ کو بتایا:’’نیوزی لینڈ دورے پر پاکستانی سکواڈ میں پہلے ہی سترہ کھلاڑی شامل ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں ان کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھنے کے بعد ہی ہم مصباح کے حوالے سے کوئی رائے قائم کرسکیں گے۔‘‘

Cricketspieler Mohammad Yousuf
ٹیسٹ کپتان محمد یوسفتصویر: AP

نئے ٹیسٹ کپتان محمد یوسف کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم چوبیس نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا میچ ڈنیڈن میں کھیل رہی ہے۔

پینتیس سالہ مصباح کی مسلسل خراب فارم کے باعث انہیں کرکٹ کے تمام تین فارمیٹس، ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی، سے ڈراپ کیا گیا۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ عمر اکمل جیسے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔

نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر جائے گی۔

رپورٹ : گوہر نذیر گیلانی

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں