1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصری ملکہ کے مجسمے پرایک بار پھر تنازعہ

25 جنوری 2011

جرمنی اور مصر کے درمیان مصر کے اس سرکاری اعلان کے بعد ایک بار پھر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے، جس میں اس نے جرمنی سے مصری ملکہ نیفر تیتی کے مجسمے کی واپسی کی درخواست کی ہے۔

https://p.dw.com/p/102kO
تصویر: AP

تین ہزار تین سو برس پرانے مصری ملکہ کے اس مجسمےکی واپسی کی درخواست کے فوراﹰ بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا یہ درخواست مصری حکومت کی جانب سے با ضابطہ مطالبہ ہے یا پھر یہ صرف مصرکی اعٰلی کونسل برائے آثار قدیمہ کی جانب سے کی جانے والی درخواست ہے۔

Neues Museum Berlin, Nofretete
اس مجسمے کو برلن کے عجائب گھر میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہےتصویر: AP

جرمن حکام کے مطابق مصری ملکہ کے اس نیم مجسمے کی واپسی کے مطالبے کے لیے حاصل ہونے والے خط پر صرف محکمہ آثار قدیمہ کے سربراہ اور نائب وزیر ثقافت ذاھی حواس کے دستخط ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا بھی کہنا ہےکہ چونکہ اس خط پر مصری وزیراعظم کے دستخط نہیں ہیں اس لیے یہ خط غیر سرکاری مانا جائے گا۔ تاہم ذاھی حواس کا اصرار ہے کہ اس خط پر مصر کے وزیر اعظم احمد نظیف نے بھی دستخط کیے ہیں۔

Neues Museum Berlin, Nofretete
اس مجسمے کو دیکھنے ہر سال لاکھوں شائقین آتے ہیںتصویر: AP

مصری ملکہ نیفر تیتی کا یہ مجسمہ اس وقت برلن کے میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا ہوا ہے، جسے دیکھنے ہر سال لاکھوں لوگ آتے ہیں۔ جرمن سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ مجسمہ باقاعدہ قانونی طور پر سن 1913 میں جرمنی نے حاصل کیا تھا اور یہ اتنا نازک ہے کہ اسے اس کی جگہ سے ہٹایا نہیں جا سکتا۔ جبکہ مصری حکام اس اصرار کے ساتھ کہ جرمنی نے یہ مجسمہ دھوکہ دہی سے حاصل کیا ہے، مسلسل اس کی واپسی کا مطالبہ کرتے چلے آ رہے ہیں۔

نیفرتیتی فراعین مصر کے 18ویں شاہی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ انہیں نہ صرف ان کی خوبصورتی کی وجہ سے بہت زیادہ شہرت حاصل تھی بلکہ نفیر تیتی کو ان کے دور کی ایک غیر معمولی طاقت رکھنے والی خاتون سمجھا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ تاریخ میں ملکہ نیفز تیتی کو ان کے شوہر یا فرعون وقت اخناتن سے زیادہ شہرت کا حامل پایا گیا ہے۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں