1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معروف بھارتی گلوکارہ کشوری امونکر چل بسیں

4 اپریل 2017

معروف بھارتی کلاسیکل گلوکارہ کشوری امونکر 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امونکر کی گائیکی مستقبل میں بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ رہے گی۔

https://p.dw.com/p/2adf7
Indien Kishori Amonkar Sängerin Gedenken
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Maqbool

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا ہے کہ بھارت کی ممتاز کلاسیکل گلوکارہ کشوری امونکر کا انتقال پیر تین اپریل کی شام ممبئی میں ان کے گھر پر ہوا۔ اس معروف گلوکارہ کے ایک شاگرد گندھار بیدیکر نے بتایا ہے کہ مختصر علالت کے بعد امونکر پرسکون طریقے سے وفات پا گئیں۔ جے پور گھرانے سے تعلق رکھنے والی امونکر ٹھمری، بھجن اور خیال گائیکی میں ملکہ رکھتی تھیں۔

امونکر کے انتقال پر شوبز کی دنیا کی کئی نامور شخصیات نے غم کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی امونکر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس معروف گلوکارہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امونکر کی وفات سے بھارتی کلاسیکل موسیقی کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔

مودی نے کہا کہ کشوری امونکر کی گائیکی زندہ رہے گی۔ موسیقی کے شعبے میں امونکر کی بیش بہا خدمات کے اعتراف میں حکومت نے انہیں بھارت کے سب سے بڑے شہری اعزاز بھارت رتن سے بھی نوازا تھا۔ راشٹر پتی ایوارڈ، پدما بھوشن اور پدما وبھوش جیسے انعامات حاصل کرنے والی امونکر نے کلاسیکل موسیقی میں ایک منفرد انداز متعارف کرایا تھا۔

دس اپریل سن انیس سو بتیس کو پیدا ہونے والی امونکر کا تعلق ایک کلاسیکل گھرانے سے تھا۔ انہوں نے بچپن سے ہی موسیقی کی تعلم لینا شروع کر دی تھی۔ ان کی پہلی استاد ان کی والدہ موگو بائی کردیکر تھیں۔ امونکر کا کیریئر سات دہائیوں پر محیط رہا۔ ان کے انتقال پر نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر کے موسیقاروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

موسیقی امن اور یکجہتی کا ذریعہ ہے، شفقت سلامت علی خان