1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مغربی یورپ میں طوفان، کم از کم 50 افراد ہلاک

1 مارچ 2010

مغربی یورپ میں شدید طوفان کے باعث کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس طوفان کے باعث فرانس سب سے زیادہ متاثرہ ہوا ہے اور سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی وہیں ہوئی ہیں۔ فرانسیسی صدر پیر کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/MEdp
تصویر: AP

فرانس، پرتگال اور اسپین کو بدترین طوفان کا سامنا ہے۔ اتوار کوآنے والا یہ طوفان Xynthia اس قدر شدید تھا کہ بعض علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔کم از کم 50 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے، جن میں سے 45 فرانس میں ہلاک ہوئے۔

فرانس کے مغربی ساحلی علاقوں میں Vendee اور Charente-Maritime سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ لہروں کی طغیانی سے متعدد ساحلی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور بیشتر عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ لوگ جانیں بچانے کے لئے اپنے گھروں کی چھتوں پر چڑھ دوڑے۔ تاہم پولیس ہیلی کاپٹروں نے انہیں محفوظ مقامات پر پہنچایا۔

Frankreich Wirtschaft Banken Nicolas Sarkozy
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی پیر کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیںتصویر: AP

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے متاثرہ خاندانوں سے کہا ہے کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے پیر کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

فرانسیسی وزیر اعظم فرانسیوس فلون نے اس طوفان کو باقاعدہ قدرتی آفت قرار دیا ہے اور متاثرین کی امداد کے لئے خصوصی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔

فرانس میں حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بیشتر افراد ڈوب کر یا تیز ہواؤں کے باعث گرنے والے درختوں کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ کم از کم ایک درجن افراد لاپتہ ہیں جبکہ تقریباﹰ 60 زخمی ہیں۔

بیلجیئم اور جرمنی کی سرحدوں سے ملحقہ فرانسیسی علاقوں میں مزید تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشن گوئی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبررساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں